Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آئندہ انتخابات میں بھی پی ٹی آئی کو شکست ہوگی، شرجیل میمن کا دعویٰ

پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل انعام میمن نے بڑا دعویٰ کیا ہے کہ کراچی نے بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کو بھگایا، آئندہ انتخابات میں بھی پی ٹی آئی کو شکست ہوگی۔

وزیراطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پورے پاکستان سے لوگ علاج کرانے سندھ آتے ہیں، پیپلز پارٹی نے جو کام کیے وہ آج تک کسی جماعت نے نہیں کیے۔

انہوں نے کہا کہ 2018 میں پی ٹی آئی کو جعلی مینڈیٹ دیا گیا، پی ٹی آئی کے لوگ اپنے حلقوں میں نہیں جاتے، عمران خان نے جیتنے کے بعد کراچی میں ایک رات نہیں گزاری۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ عمران خان کا طریقہ سیاست ملک اور قوم کیلئے بہتر نہیں، عمران خان روزانہ بےنقاب ہورہے ہیں، عمران خان ہر روز نئی کہانیاں سامنے لارہا ہے۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ بلی تھیلے سے باہر آگئی، پاکستان کے خلاف سازش کرنے والےعمران خان کے حق میں بول رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کی گفتگو

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2.14 بلین روپے کی لاگت سے گلستان جوہر فلائی اوور پراجیکٹ شروع کیا، اکتوبر 2022 میں فلائی اوور کا کام شروع کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ فلائی اوور کی لمبائی 461میٹر، چوڑائی 18.2میٹر ہے، فلائی اوور پر ایل ای ڈی لائٹس بھی لگائی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہے، وزیراعلیٰ سندھ

مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ انڈر پاس کی لمبائی 1100میٹر، چوڑائی 18.5 میٹر ہے، انڈرپاس یونیورسٹی روڈ، پہلوان گوٹھ روڈ پر بنایا جارہا ہے، جس کا کام تیزی سے جاری ہے۔

واضح رہے کہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گلستان جوہر فلائی اوور کا افتتاح کردیا ہے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ، ناصر حسین شاہ، شرجیل انعام میمن اور مرتضیٰ وہاب  بھی موجود تھے۔

متعلقہ خبریں