Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

الیکشن ملتوی کرکے الیکشن کمیشن نے پی ڈی ایم کا غیر آئینی مطالبہ پورا کیا، پرویز الٰہی

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے الیکشن ملتوی کرکے توہین عدالت کی ہے، الیکشن ملتوی کر کے الیکشن کمیشن نے پی ڈی ایم کا غیر آئینی مطالبہ پورا کردیا۔ 

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب و مرکزی صدر پاکستان تحریک انصاف چودھری پرویزالٰہی سے سابق ارکان اسمبلی نے  ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ حتمی ہے انشاء اللہ الیکشن مقرر وقت پر ضرور ہوں گے۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ رانا ثناء اللہ کے مطابق سپریم کورٹ کا فیصلہ حرف آخر نہیں، چیف جسٹس مداخلت نہیں کرسکتے، یہ بیان توہین عدالت ہے، ملک میں کوئی قانون سے بالاتر نہیں نااہل حکمرانوں کے مرضی کے فیصلے نہیں چلیں گے۔ حکومت سے چمٹے رہنے والے عوام کے نہیں اپنے مفاد کیلئے الیکشن کا التوا چاہتے ہیں۔

مرکزی صدر پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ رانا ثناء اللہ اور مریم نواز جیسے لوگ دراصل اپنی خواہشات کی پیروی کرتے وقت سپریم کورٹ کو بھی معاف نہیں کرتے، چیف جسٹس سپریم کورٹ آئین پاکستان کے محافظ ہیں، وہ آئین سے کھلواڑ انہیں ہونے دیں گے، عمران خان واحد شخصیت ہیں جنہیں عوام کی بھر پور حمایت حاصل ہے۔

سابق وزیراعلٰی پنجاب نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے اپنی جانبداری ثابت کر دی پی ڈی ایم والے الیکشن کمیشن کا کندھا استعمال کر رہے ہیں، رانا ثناء اللہ، مریم نواز نے عدلیہ اور ججز کو بدنام کرنے کی مہم میں ناکامی کے بعد پنجاب میں الیکشن ملتوی کروانے کا اعلان کروایا۔ پوری دنیا تسلیم کرتی ہے کہ عمران خان نے کبھی قانون نہیں توڑا۔ عمران خان عدلیہ کا احترام کرنے والے سیاستدان ہیں۔

انھوں نے مذید کہا کہ تحریک انصاف پاکستان کی واحد ملک گیر قومی جماعت ہے اس پر پابندی لگانے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ انشاء اللہ پی ڈی ایم الیکشن سے پہلے ہی تتر بتر ہو جائے گی، پی ڈی ایم میں انتخابی نشان پر جھگڑے شروع ہو چکے ہیں۔ عمران خان کو گھیرنے والے خود مہنگائی کے چنگل سے نہیں نکل پا رہے۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی اہمیت پتلی تماشے سے زیادہ نہیں، موجودہ پارلیمنٹ عوامی اکثریت سے محروم ہو چکی۔

سابق وفاقی وزیر بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ، سابق ارکان اسمبلی حاکم علی بھٹی، مامون تارڑ، فیصل سعود بھٹی، عبداللہ یوسف وڑائچ، نگہت محمود، مہناز سعید، عبداللہ فیصل، جہانزیب رشید ملاقات میں شریک تھے۔

متعلقہ خبریں