وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہےکہ نجی شعبے کے تعاون سے ہسپتالوں میں علاج معالجے اور دیگر سہولتوں کو بہتر بنایاجائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے جناح ہسپتال کا اچانک دورہ کیا جہاں انہوں نے ایمرجنسی میں مریضوں کی عیادت کی اور طبی سہولتوں کا جائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مریضوں اور تیمارداروں سے علاج معالجے کی سہولتوں کے بارے میں پوچھا جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب نے مریضوں کی بہترین دیکھ بھال کی ہدایت بھی کی۔
دورے کے دوران محسن نقوی کو جناح ہسپتال میں مریضوں کے ڈائیلسز پروگرام کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ گوہر اعجاز نے جناح ہسپتال میں دکھی انسانیت کی خدمت میں مثال قائم کی ہے، نجی شعبے کے تعاون سے ہسپتالوں میں علاج معالجے اور دیگر سہولتوں کو بہتر بنایاجائے گا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر جاوید اکرم ، معروف سماجی وکاروباری شخصیت گوہر اعجاز، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج اور متعلقہ حکام بھی شریک ہوئے۔



















