وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بہاولپور میں مفت آٹے کی تقسیم کے مرکز کا دورہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نے مستحق خاندانوں میں مفت آٹے کی تقسیم کا معائنہ کیا اور خواتین سے مفت آٹا تقسیم کے طریقہ کار دریافت کی۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے بیمار خاتون کو مفت آٹے کے 2 تھیلے دینے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ جو شہری ایک تھیلہ آٹا لے جا چکے ہیں ان کو آئندہ 2 تھیلے دیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ بیمار اور بزرگ شہریوں کو ان کی سواری تک آٹے کے تھیلے پہنچائے جائیں۔
اس دوران وزیراعظم نے ڈی ایچ او بہاولپور کے میڈیکل کیمپ کا بھی دورہ کیا اور شہریو ں کو مفت آٹے کی باآسانی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: مفت آٹے کی تقسیم 25 رمضان تک جاری رہے گی، وزیرِ اعظم
واضح رہے کہ آٹا فراہمی میں بدنظمی کی شکایات پر وزیر اعظم شہباز شریف نے خود دوروں کا آغاز کیا ہے تاہم وزیراعظم نے اس سے قبل سرگودھا، لاہور اور قصور کے اچانک دورے کیے تھے۔
گزشتہ روز لاہور میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ہر مستحق شخص کو مفت آٹے کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
وزیراعظم نے کہا تھا کہ حکومت رمضان المبارک کے دوران معاشرے کے غریب طبقے کی مشکلات کو کم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے۔
انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ وہ ان اہل افراد کی فوری رجسٹریشن کو یقینی بنائیں جنہیں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹریشن نہ ہونے کی وجہ سے مفت آٹا نہیں مل رہا ہے۔
وزیراعظم نے مزید ہدایت کی کہ مفت آٹا تقسیم کرنے والے مقامات پر فوری طور پر نادرا اور بی آئی ایس پی کے کاؤنٹرز قائم کیے جائیں۔



















