امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پورے ملک میں جنرل الیکشن فوری کروائے جائیں۔
تفصیلات کے مطابق سراج الحق نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک بند گلی میں ہے، اب اداروں کے اندر جنگ شروع ہو چکی ہے، ملک پر اس وقت ایک ٹولہ مسلط ہے جس نے عوام کا جینا مشکل کیا ہوا ہے، تحریک انصاف کی حکومت نے بھی ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے ہاتھوں مقروض بنایا۔
سراج الحق نے کہا کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کی لڑائی مہنگائی کنٹرول کرنے یا عوام کے لیے نہیں کرسی کے لیے ہے، ان سب نے مل کر توشہ خانہ کو لوٹا، ان سب نے مل کر کرپشن کی اداروں کا تباہ کیا، جب پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی فیل ہو گئے ہیں تو عوام الیکشن میں نئی قیادت کا انتخاب کرے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ دو صوبوں میں الیکشن مسئلے کا حل نہیں پورے ملک میں جنرل الیکشن فوری کروائے جائیں، ان حکمرانوں نے کشمیر کو انڈیا کے حوالے کیا بقیہ پاکستان کا جینا مشکل کر دیا ہے، حالات یہی رہے تو حکومت سانس لینے پر بھی ٹیکس لگا دے گی، پاکستان کو باہر سے نہیں اندر کے سانپوں سے خطرہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی ہر مرحلے میں عوام کی خدمت کے لیے کھڑے ہیں، سیلاب اور کورونا میں الخدمت کے لوگ عوام کی خدمت کرتے رہے، وقت آچکا ہے لوگ دوست اور دشمن میں تمیز کریں اور جماعت اسلامی کو سمجھیں، الیکشن کی ڈیوٹی الیکشن کمیشن کا کام ہے، کراچی کے لوگوں نے جماعت اسلامی پر اعتماد کیا، الیکشن کو اتنا وقت گزر گیا مگر میئر کراچی منتخب نہیں ہوا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے الیکشن کمیشن کو یرغمال بنایا ہوا ہے، ایک لیڈر کی ایک دن میں 7 7 کیسوں میں ضمانتیں ہوتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں؛ ایم کیو ایم نے مردم شماری کا عمل مسترد کردیا



















