Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کیا آپ بھی آدھے سر درد سے پریشان ہیں؟ یہ طریقہ آزمائیں

سر درد یوں تو نسبتاً ایک عام قسم کی بیماری سمجھی جاتی ہے مگر اس کا دائرہ کافی وسیع ہے، جس میں عام سر درد سے لے کر جان لیوا سر درد تک شامل ہیں۔

ان ہی میں سے ایک قسم آدھے سر کا درد ہے جسے دردِ شقیقہ اور مائیگرین بھی کہتے ہیں۔

مائیگرین کیا ہے؟

مائیگرین جس کو عام الفاظ میں آدھے سر کا درد بھی کہا جاتا ہے (ضروری نہیں کہ یہ درد فقط آدھے سر میں ہی ہو) عام طور پر وقفے وقفے سے ہونے والے سر درد کو بھی مائیگرین کہتے ہیں۔

مائیگرین کتنا عام ہے؟

تحقیقات کے مطابق مائیگرین کا درد تقریباً 12 فیصد افراد کو ہوتا ہے۔ اس شرح میں مزید اضافے کا امکان موجود ہے، یہ درد خواتین میں مردوں کے مقابلے میں زیادہ (2 سے 3 گنا) ہوتا ہے

مائیگرین سے کس طرح نمٹا جائے؟

مائیگرین سے چھٹکارا حاصل کرنے کا آسان طریقہ آج ہم آپ کو بتائیں گے، کرنا یہ ہے کہ اپنے پاس ایک ڈائری رکھیں جس میں درد شروع ہونے کے اوقات کار، دورانیہ اور ہر اہم بات جو اس سر درد کے ساتھ منسلک ہو، درج کریں۔

اپنے معمولات اور درد کے ساتھ جُڑی چیزیں نوٹ کریں۔ ان تفصیلات کو کچھ عرصہ نوٹ کرتے رہنے سے آپ کو درد کی کیفیت اور مزاج سے آگاہی ہوجائے گی جس سے اس کے اسباب جاننے میں مدد ملے گی۔

 مثال کے طور پر ہوسکتا ہے کہ آپ کے کام کی رفتار/تھکاوٹ درد کا باعث بنتی ہو لہٰذا اس بنا پر روز مرہ کاموں کو منظم کریں تاکہ اس درد کی بنیادی وجہ کو ٹھیک کرنے سے مائیگرین پر قابو پاسکیں۔

کچھ افراد میں تیز دھوپ یا سورج کی تیز روشنی سے درد کا آغاز ہوجاتا ہے لہٰذا اس کے لیے احتیاطی تدابیر سے مائیگرین کے حملے سے بچا جاسکتا ہے۔

مائیگرین کے حملے کے آغاز پر ہی اگر علاج شروع کردیا جائے تو وہ زیادہ مؤثر ہوتا ہے۔

 اگر آپ اکثر اوقات مائیگرین کا شکار رہتے ہیں تو اپنے معالج/نیورولوجسٹ سے مناسب علاج کے سلسلے میں مشورہ ضرور کریں۔