ماہرین کا کہنا ہے کہ خراٹے لینے والے لوگوں میں متعدد خطرناک بیماریوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
حال ہی میں کی گئی ایک تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ سلیپ اپنیا کے شکار افراد کی گہری نیند کا دورانیہ گھٹ جاتا ہے جس کے باعث ڈیمینشیا، الزائمر یا فالج جیسے امراض کا خطرہ بڑھتا ہے۔
اس تحقیق میں سلیپ اپنیا کے شکار افراد کی دماغی صحت کی جانچ پڑتال کی گئی تھی۔ اس مقصد کے لیے دماغ کے ایم آر آئی اسکین کیے گئے اور محققین نے دماغی عمر میں اضافے کے آثار دریافت کیے۔
تحقیق میں شامل 140 افراد میں سلیپ اپنیا کی تشخیص ہوئی تھی اور ان کی دماغی صحت کی جانچ پڑتال اسکینز کے ذریعے کی گئی جبکہ نیند کے معیار کا بھی جائزہ لیا گیا۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ سلیپ اپنیا کے باعث ان افراد کی نیند زیادہ گہری نہیں ہوتی اور اس کے نتیجے میں دماغی عمر میں تیزی سے اضافہ ہوتا ہے۔
محققین کا کہنا ہے کہ ابھی ٹھوس انداز میں یہ کہنا ممکن نہیں کہ خراٹوں یا سلیپ اپنیا سے دماغی تنزلی یا فالج کا سامنا ہوتا ہے، مگر نتائج سے یہ عندیہ ضروری ملتا ہے اور اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔




















