Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اکثر شادی کے بعد میاں اور بیوی کی شکل آپس میں ملتی جلتی کیوں نظر آتی ہے؟ وجوہات انتہائی دلچسپ

ہر شادی شدہ جوڑے کی زندگی میں کافی کچھ مشترک ہوتا ہے، کچھ کے تو چہرے بھی ایک دوسرے سے ملتے جلتے ہوتے ہیں۔

اب سوال یہ ہے کہ ایسا کیوں ہوتا ہے؟ اس حوالے سے سائنسدانوں نے حال ہی میں انکشاف کیا ہے اور اس کی وجوہات بھی بتائی ہیں۔

  برسوں کا ساتھ

ایک سائنسدان رابرٹ زاجونک نے جوڑوں کی شادی سے قبل اور شادی کے 25 سال بعد کی تصاویر کا موازنہ کیا۔

ان کی تحقیق میں دریافت ہوا کہ آغاز میں اگر شوہر اور بیوی کے چہرے مختلف ہوتے ہیں تو کئی سال بعد وہ حیران کن حد تک ایک جیسے لگنے لگتے ہیں۔

شوہر اور بیوی کے ایک جیسے ہونے کی ایک ممکنہ وجہ زندگی کے تجربات کو آپس میں شیئر کرنا ہوتا ہے۔

اکٹھے زندگی گزارنے والے جوڑوں کو خوشی اور غم ہر طرح کے تجربات کا سامنا ہوتا ہے اور وہ اکٹھے مل کر تمام حالات کا مقابلہ کرتے ہیں۔

اس سے ان کی باڈی لینگوئج اور جذباتی کیفیات پر بھی اثرات مرتب ہوتے ہیں اور ان کی زندگی چہروں پر ‘لکھی’ نظر آنے لگتی ہے۔

ایک دوسرے کی شخصیت کی نقل

جو جوڑے خوش باش ہوتے ہیں وہ ایک دوسرے کی عادات اور باڈی لینگوئج کی لاشعوری نقل بھی کرنے لگتے ہیں۔

اس سے ان جوڑوں کا رشتے پر اعتماد اور جذباتی اطمینان ظاہر ہوتا ہے۔

اپنے سے ملتے جلتے لوگوں میں کشش محسوس کرنا

تحقیقی رپورٹس کے مطابق ہم ایسے افراد میں زیادہ کشش محسوس کرتے ہیں جن کے چہرے ہم سے مماثلت رکھتے ہیں۔

ماہرین کے خیال میں ایسے جوڑوں کے بچے بھی ان سے ملتے جلتے نظر آتے ہیں۔

مدافعتی نظام کی مماثلت

ہمارا مدافعتی نظام ہمارے طرز زندگی کا عکاس ہوتا ہے جس میں غذائی عادات اور ورزش جیسے عناصر شامل ہوتے ہیں۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ شادی کے کئی سال بعد جوڑوں کا مدافعتی نظام بھی ایک دوسرے سے مماثلت رکھنے والا ہو جاتا ہے۔

ایسا عادات اور طرز زندگی کو ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کرنے سے ہوتا ہے۔