ماہرین نے جوان افراد میں فالج کا خطرہ بڑھانے والی وجہ دریافت کر لی ہے۔
حال ہی میں کی گئی ایک تحقیق میں ایسی علامت کے بارے میں بتایا گیا ہے جس سے عندیہ ملتا ہے کہ کسی فرد میں فالج کا کتنا خطرہ ہے۔
تحقیق کے مطابق 50 سال سے کم عمر افراد میں بے خوابی کے مختلف مسائل اور فالج کے خطرے میں اضافے کے درمیان تعلق موجود ہے۔
بے خوابی، سونے کے بعد نیند کو برقرار رکھنے میں مشکلات اور جلد اٹھنے جیسے مسائل فالج کے خطرے کا عندیہ دیتے ہیں۔
تحقیق میں 31 ہزار سے زیادہ افراد کو شامل کیا گیا تھا جن میں فالج کی تاریخ نہیں تھی۔
ان افراد میں نیند کی عادات اور بے خوابی کی علامات کو جانچا گیا اور پھر 9 سال تک ان کی صحت کا جائزہ لیا گیا، اس عرصے میں 2101 فالج کے کیسز رپورٹ ہوئے۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ بے خوابی کی 1 سے 4 علامات کا سامنا کرنے والے افراد میں فالج کا خطرہ 16 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔
اسی طرح بے خوابی کی 5 سے 8 علامات کا سامنا کرنے والے افراد میں فالج سے متاثر ہونے کا خطرہ 51 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔
تحقیق میں یہ بھی دریافت ہوا کہ 50 سال سے کم عمر افراد میں بے خوابی کی علامات اور فالج کے خطرے کے درمیان ٹھوس تعلق موجود ہے۔
محققین کا کہنا ہے کہ فالج کا خطرہ بڑھانے والے عناصر جیسے ہائی بلڈ پریشر اور ذیابیطس کا سامنا عمر بڑھنے کے ساتھ ہوتا ہے، مگر بے خوابی کی علامات جوانی میں بھی نظر آسکتی ہیں، تو فالج کی روک تھام کے لیے ان پر نظر رکھنا ضروری ہے۔




















