وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سی پیک انتہائی شفاف منصوبہ ہے۔
وزیر اعظم نے پاک چین سی پیک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی ایک دہائی مکمل ہونے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ پہلا ایم او یو ہے جس نے حقیقت کا روپ دھارا، نوازشریف کی قیادت میں سی پیک منصوبہ پروان چڑھا۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت ملک میں کئی ترقیاتی منصوبے شروع ہوئے، چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ پاکستانی ورکرز اور انجینئرز نے سی پیک منصوبے کو کامیاب بنایا۔
شہباز شریف نے کہا کہ جھوٹے الزامات لگا کر پاک چین تعلقات میں دراڑ ڈالنے کی کوشش کی گئی، لیکن اتحادی حکومت نے مل کر پاک چین تعلقات دوبارہ بحال کیے۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ 10 سال قبل ن لیگ نے چین کے ساتھ مل کر سی پیک شروع کیا، 2013 میں ن لیگ نے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کی۔
اس سے قبل وزیر اعظم نے سی پیک کے دس سال مکمل ہونے پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ پاکستان اور چین کی قیادت اور عوام کو مبارک پیش کرتا ہوں کہ سی پیک کو دس سال مکمل ہو گئے ہیں، چین اور پاکستان آئرن برادرز ہیں، سی پیک اس آزمودہ سدا بہار بااعتماد اسٹرٹیجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کا ایک نیا باب ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سی پیک چین کے عظیم راہنما شی جن پنگ اور قائد محمد نواز شریف کی ترقی سب کے لئے وژن کا شاندار نمونہ ہے، بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ صدر شی جن پنگ کی امن دوستی معاشی شراکت داری اور بقائے باہمی کی سوچ کا مظہر ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ سی پیک صدر شی جن پنگ کا پاکستان کے عوام کے لئے تحفہ ہے، افسوس ہے کہ چار سال سی پیک کی راہ میں رکاوٹ آئی اور چین جیسے عظیم دوست پر بے بنیاد الزامات عائد ہوئے، سی پیک کے دشمن پاکستان میں ترقی امن خوشحالی کے دشمن ہیں، وہ نہیں چاہتے کہ ہمارے عوام کو غربت سے نجات ملے۔



















