وزیراعظم نے کہا ہے کہ معاشی بحالی کے لئے براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سرمایہ کاری کونسل کی ایپکس کمیٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے معیشت کے بحالی اور سرمایہ کاری سے متعلق اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کونسل کو غیر ملکی سرمایہ کاری سے متعلق مواقع تلاش کرنے کی ہدایت دی جبکہ شہباز شریف نے کونسل اور صوبائی حکومت کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
شہباز شریف نے شرکاء کو غیر ملکی دوروں اور ملاقاتوں پر بھی اعتماد میں لیا جبکہ وزیراعظم نے معیشت کی بہتری کے لئے آرمی چیف کے کردار کی بھی تعریف کی۔
وزیراعظم نے غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے اقدامات میں تیزی لانے کی ہدایت کی اور کہا کہ اتحادی حکومت کو ورثے میں تباہ حال معیشت ملی، مشکل اور دلیرانہ فیصلے ملک کو تعمیر و ترقی کی طرف واپس لا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ابھی بہت بڑے چیلنجز ہمارے سامنے ہیں، معاشی بحالی کے لئے براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کلیدی حیثیت رکھتی ہے، مؤثرعمل درآمد کے لئے وفاق اور صوبوں میں شراکت داری کا انداز اپنایا جائے گا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سرمایہ کار اولین ترجیح، اشتراک عمل کے ذریعے منصوبوں کی منظوری کا عمل تیز کیا جائے، ہم پاکستان اور عوام کا مقدر بدل سکتے ہیں لہذا ہمیں مل کر اپنی بھرپور صلاحیتوں سے کام کرنا ہوگا۔
شہباز شریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ عوام کو معاشی ترقی اور خوش حالی سے ہم کنار کریں گے جبکہ غیر ملکی سرمایہ کاری سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ ہماری توجہ نوجوانوں اور خواتین کو صلاحیتوں کے بل بوتے پر بااختیار بنانا ہے، نوجوانوں اور خواتین کو روزگار ملے گا جبکہ ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔



















