وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے میران شاہ ، شمالی وزیرستان میں دھشگردوں کے خودکش حملے فوجی جوانوں کی شہادت پر دلی دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔
شہباز شریف نے جام شہادت نوش کرنے والے نائب صوبیدار صاحب خان، نائیک محمدابراہیم، سپاہی جہانگیر خان کو خراجِ عقیدت پیش کی جبکہ وزیرِاعظم نے واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کیلئے جلد صحت یابی اور شہداء کے اہلِ خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ ان بہادر جوانوں نے چوکی پر حملے کو اپنی جانوں کا نظرانہ پیش کرکے ناکام بنایا اور قوم کو بہت بڑے نقصان سے بچایا، ہماری مسلح افواج کے بہادر جوان اپنے خون سے اس ملک کی بقاء کی آبیاری کر رہے ہیں، پاکستانی قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
میرانشاہ: خودکش دھماکے میں پاک فوج کے 3 جوان شہید
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کےعلاقے میرانشاہ میں خود کش دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 3 جوان شہید ہوگئے ہیں۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ خود کش دھماکے میں شہید ہونے والوں میں نائب صوبیدارصاحب خان ،نائیک محمد ابراہیم، سپاہی جہانگیرخان شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کارسوارخودکش حملہ آورنے خود کو دھماکے سے اڑایا،آئی ایس پی آر خودکش دھماکےمیں 3 شہری بھی شدید زخمی ہوئے، خودکش حملہ آور کا مقصد سیکیورٹی فورسزکی چیک پوسٹ کونشانہ بنانا تھا۔
ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کوختم کرنے کے لیے پرعزم ہے، ہمارے بہادرسپاہیوں کی قربانیاں ہمارےعزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔



















