دورانِ ڈیوٹی فرض پر قربان ہونے والے میجر سمیت چار شہید جوانوں کو سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق میجر میاں عبداللہ شاہ، این ایس صاحب خان، نیک محمد ابراہیم اور سپاہی جہانگیر خان کی نماز جنازہ آج بالترتیب کوہاٹ، میانوالی، ڈیرہ اسماعیل خان اور مردان میں ان کے آبائی علاقوں میں ادا کی گئی ہے۔
بیان کے مطابق نماز جنازہ کے بعد شہدا کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نائب صوبیدار صاحب خان، نائیک محمد ابراہیم اور سپاہی جہانگیر خان نے میران شاہ کے قریب خودکش حملے میں شہادت قبول کی جبکہ میجر میاں عبداللہ شاہ نے ضلع خیبر کے علاقے میں آپریشن کے دوران شہادت کے رتبے پر فائز ہوئے۔
بیان کے مطابق نماز جنازہ میں حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسران/ سپاہیوں، عزیز و اقارب اور معاشرے کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردی کی لعنت کو ہر قیمت پر ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ یہ قربانیاں ہماری آنے والی نسلوں کو ایک پرامن پاکستان فراہم کرنے کے لیے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے عزم کی تصدیق کرتی ہیں اور ہمارے ایمان کو مضبوط کرتی ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا۔ دہشتگردوں کی فائرنگ سے آپریشن کی قیادت کرنے والے میجر عبداللہ شاہ شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کیا گیا، فرار کا راستہ بند ہونے پر دہشت گردوں کی سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی۔
بیان کے مطابق میجر عبداللہ شاہ نے دہشت گردوں کے ساتھ بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، شہید میجر عبداللہ شاہ کی عمر 33 سال اور کوہاٹ کے رہائشی تھے۔ سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران 3 دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا، علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز ملک کو دہشت گردی کا عفریت ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں، بہادر جوانوں کی شہادت سیکیورٹی فورسز کے اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہے۔



















