Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پی ڈی ایم اے نے بارش کی پیشگوئی کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا

پی ڈی ایم اے نے بارش کی پیشگوئی کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے پنجاب میں کل سے 8 جولائی تک مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی ہے جس کے بعد پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا ہے۔

 پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب سے مرطوب ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، کل سے 08 جولائی کے دوران لاہور ، اسلام آباد، راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال اور جہلم میں بارش آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

میانوالی ، سرگودھا، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال،  گوجرانوالہ اور گجرات میں بارش متوقع ہے، فیصل آباد، شیخوپورہ، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بادل برسیں گے جبکہ اسی دوران بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

5 پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ سے 8 جولائی کےدوران ڈی جی خان، راجن پور ، بھکر اور لیہ میں بارش کا امکان ہے، ملتان ، ساہیوال ، بہاولپور ،کوٹ ادو، ، بہاولنگر اور اوکاڑہ میں بھی تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش بھی متوقع ہے۔

6 جولائی سے ڈی جی خان ڈویژن کے پہاڑی علاقوں میں سیلاب کا امکان ہے، 4 سے7 جولائی کے دوران لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی اور گوجرانوالہ کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے جبکہ مری میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی امکان ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی کا کہنا تھا کہ انتظامیہ نشیبی علاقوں میں بسنے والے افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کرے، فلڈ فائٹنگ، ریسکیو اینڈ ریلیف ٹیمیں ضروری مشینری کے ساتھ ہمہ وقت تیار رہیں، نشیبی علاقوں سے مویشیوں کے انخلا اور ویکسینیشن کا بندوبست پہلے سے ہونا چاہیئے، ہنگامی حالات میں ریلیف کیمپوں والی جگہ کا تعین پہلے سے کیا جائے۔

عمران قریشی نے کہا کہ وبائی امراض سے بچنے کے لیے محکمہ صحت کی ٹیمیں طبی امداد کی فراہمی کے لیے تیاریاں مکمل رکھے، افسران ریسکیو اور ریلیف آپریشنز کی مسلسل نگرانی کے لیے تیار رہیں، تمام متعلقہ ادارے 24/7 الرٹ رہیں اور بروقت ریسپانس کو یقینی بنائیں۔

متعلقہ خبریں