Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پی ٹی آئی کو بڑا دھچکا؛ استحکام پارٹی نے اہم اعلان کردیا

استحکام پاکستان پارٹی نے اہم اعلان کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سیکرٹری اطلاعات استحکام پاکستان پارٹی فردوس عاشق اعوان نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی کی رجسٹریشن آخری مراحل میں ہے، ہماری پارٹی کا منشور پاکستانی سیاست کی صحت کی بحالی کا نسخہ ثابت ہو گا، آئی پی پی کے حوالے سے میڈیا پر بہت بحث ہو رہی ہے، آئی پی پی تقاضے پورے کر کے آئندہ ہفتے الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کروائے گی اور آئندہ ہفتے پارٹی کا منشور بھی سامنے لے آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سب سے اہم چیلنج اسوقت معاشی و سیاسی عدم استحکام ہے، ہر پارٹی نے اپنے منشور میں دلفریب نعرے درج کر رکھے ہیں، آئی پی پی صرف سہانے خواب نہیں دکھائے گی بلکہ تعبیر بھی دے گی اور ملک کے نوجوانوں کو ہم نے بوجھ نہیں بننے دینا جبکہ سابق دور میں نوجوانوں کا استحصال کیا گیا، ان کے ذہنوں کو آلودہ کیا گیا، نوجوانوں کے ذہنوں میں نفرت انگیز بارود بھرا گیا، ہم نوجوانوں کو قومی سلامتی کے تحفظ کا درس دیں گے، آئی پی پی انسانی وسائل کی ترقی پر توجہ دے گی اور صحت کے شعبے کی بہتری ہماری ترجیحات میں شامل ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ صرف تبدیلی کے نعرے لگانے سے بدلاؤ نہیں آتا، لوگوں کو نئے اور پرانے پاکستان کے چکر میں پھنسا دیا گیا تھا، عدالتوں کے انصاف کے پلڑے جب کسی ایک سیاسی قوت کے حق میں ہو جائیں تو اصلاحات لانی پڑتی ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ قران پاک کی بے حرمتی کے واقعہ کی مذمت کرتے ہیں، ایسے واقعات کی روک تھام نہ کی گئی تو دنیا مزید انتشار کا شکار ہوگی۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آئی پی پی عدالتی، انتخابی اور معاشی اصلاحات پر کام کرے گی، پاکستان کی معیشت کا انحصار زراعت پر ہے، آئی پی پی کے منشور میں زرعی اصلاحات بھی نظر آئیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ایسی جماعت کو پاکستان میں سیاسی مواقع نہیں ملنے چاہئیں جو ریاست اور اداروں کے خلاف ہو، پی ٹی آئی کے خلاف عون چوہدری نے اعلی عدلیہ میں درخواست دی ہے، اس جماعت نے اپنی سیاست کو مضبوط کرنے کیلئے ریاست کو دائو پر لگایا، ایسی سیاسی جماعت کا راستہ روکنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ آئندہ عام انتخابات میں ہر حلقہ میں امیدوار کھڑے کریں گے، کسی خاص سیاسی جماعت کے ساتھ ہمارا کوئی الحاق نہیں ہو گا، موجودہ حکومت نے بیڈ گورننس سے عوام کی چیخیں نکلوا دی ہیں۔

ایک سوال پر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اصولی فیصلہ ہوگیا ہے عون چوہدری کابینہ سے مستعفی ہو جائیں گے اور ایک دو روز میں عون چوہدری کابینہ سے الگ ہو جائیں گے اور ایک بار پھر جہاز پر الیکٹیبلز کو اکٹھا کیا جائے گا یا نہیں؟؟؟ سوال پر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سیاست اور محبت میں ہر کام جائز ہے، الیکٹیبلز کی اگلی کھیپ آئندہ آنے والے دنوں میں آئی پی پی کا حصہ بنے گی، پارٹی کے اعلان کے وقت سو سے زائد الیکٹیبلز ہمارے پاس موجود تھے، جنہیں ظاہر نہیں کیا گیا تھا۔

متعلقہ خبریں