وزیراعظم نے کہا ہے کہ امن دشمنوں سے ملک کو پاک کرنا اولین قومی ترجیح ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کوئٹہ میں وفاقی وزیر اسرار ترین کے کزن کی گاڑی پر فائرنگ کی مذمت کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے صوبائی حکومت اور آئی جی بلوچستان سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔
شہباز شریف نے واقعے میں ملوث حملہ آوروں کی جلد ازجلد گرفتاری کی ہدایت کی جبکہ وزیراعظم نے فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نےمزید کہا کہ امن دشمنوں سے ملک کو پاک کرنا اولین قومی ترجیح ہے، بلوچستان میں بدامنی ملک دشمنوں کا ایجنڈا ہے لیکن ہم ناکام بنائیں گے۔
کوئٹہ؛ وفاقی وزیر کے کزن کی گاڑی پر فائرنگ، 2 افراد جاں بحق
واضح رہے کہ کوئٹہ میں وفاقی وزیر سردار اسرار ترین کے چچازاد بھائی کی گاڑی پر فائرنگ سے لیویز اہلکار سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ کمسن راہگیر زخمی بھی ہوگیا ہے۔
پولیس کے مطابق کوئٹہ کے گنجان آباد علاقے پشین اسٹاپ پر نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے وفاقی وزیر سردار اسرار ترین کے چچازاد بھائی سردار شہزاد ترین کی گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں گاڑی میں موجود لیویز اہلکار سمیت 2 افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کے وقت سردار شہزاد ترین گاڑی میں موجود نہیں تھے۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت ضلع دکی اور لورالائی کے ضیاء الدین اور محمد یوسف کے نام سے ہوئی ہے۔
واقعے میں کچلاک سے تعلق رکھنے والا ایک بچہ بھی زخمی ہوا جسے سول ہسپتال میں طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ دوسری جانب قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے جانے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔



















