Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

خواتین ملکی سماجی و اقتصادی ترقی کا اہم جزو ہے، صدر مملکت

صدر مملکت نے کہا ہے کہ خواتین و لڑکیوں کی تعلیم صنفی برابری اور ملکی سماجی و اقتصادی ترقی کا اہم جزو ہے۔

 تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے وومن بزنس نیٹ ورک کے وفد نے ملاقات کی جس میں وفد نے صدر مملکت کو خواتین کو سماجی و اقتصادی طور پر بااختیار بنانے کیلئے کیے گئےاقدامات سے آگاہ کیا۔

ملاقات میں صدر مملکت نے خواتین کو ملازمت فراہم کرنے ، مالی شمولیت کے اقدامات پر ویمن بزنس نیٹ ورک کو سراہا۔

 ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ خواتین کی مالی خودمختاری کیلئے ہنرمندی، ڈیجیٹل اور مالیاتی شمولیت بڑھانا ناگزیر ہے ، خواتین کو معیشت کے تمام شعبوں میں شامل کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ خواتین اور لڑکیوں کی تعلیم صنفی برابری اور ملکی سماجی و اقتصادی ترقی کا اہم جزو ہے، پرائیویٹ سیکٹر میں خواتین کیلئے روزگار کے مواقع بڑھانا ہوں گے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ خواتین کو قابل قدر مہارتوں کی فراہمی کیلئے ہنرمندی کے اداروں کے ساتھ روابط قائم کیے جائیں جبکہ سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ  اور ریاضی کے شعبوں میں خواتین کی مہارت اور تعلیمی ترقی اہم ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی کا یہ بھی کہنا تھا کہ خواتین کو کاروباری اور معاشی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی ترغیب دینے کیلئے کامیاب خواتین کی کہانیوں کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے صنفی تفاوت دور کرنے کیلئے عملی اور بامعنی اقدامات کرنے  کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کی مالیاتی خودمختاری کیلئے معاشی سرگرمیوں کے مرکزی دھارے میں شامل کرنا ہوگا۔

متعلقہ خبریں