Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

حریم شاہ نے نیا کاروبار شروع کردیا؛ سوشل میڈیا صارفین بھڑک اٹھے

پاکستان کی معروف ٹک ٹاکر حریم شاہ نے نیا کاروبار شروع کردیا ہے جس کی وجہ سے وہ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کی زد میں آگئی ہیں۔

حال ہی میں معروف ٹک ٹاکر حریم شاہ نے پراپرٹی بینک مارکیٹنگ نیٹ ورک کے ساتھ اشتراک سے لوگوں کو سستے پلاٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔

اس حوالے سے حریم شاہ نے اپنے سوشل میڈیا اکاﺅنٹس پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں ان کا کہنا ہے کہ کراچی کے بے گھر افراد کے اپنی چھت کے خواب کو تعبیر دینے کے لیے انہیں چار چار مرلے کے پلاٹ صرف3 لاکھ روپے میں دیئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آپ پراپرٹی بینک مارکیٹنگ کے متعلق گوگل سے بھی معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ تاہم جو افراد پلاٹ لینے کے خواہش مند ہیں وہ فارم لینے کے لیے پراپرٹی بینک مارکیٹنگ کے آفس آ جائیں۔

حریم شاہ نے کہا کہ فارم اس آفس میں ہی جمع کیے جائیں گے۔ ہم جلد گھر کے بارے میں آپ کے خواب کی تعبیر بنیں گے۔ میں ایڈریس اور فون نمبر دے رہی ہوں۔ اس حوالے سے میں نے ایک پریس کانفرنس کی ہے اوراس میں بھی تمام تفصیلات بتائی ہیں۔ پھر بھی کسی کو سمجھ نہ آئے تو اس فون نمبر پر رابطہ کرکے سوالات پوچھ سکتے ہیں۔

ٹک ٹاکر  نے کہا کہ ہر ماہ قرعہ اندازی کے ذریعے 100بے گھر لوگوں کو پلاٹ دیئے جائیں گے۔ جو شخص پلاٹ جیتے گا وہ1 لاکھ روپے ادا کرکے پلاٹ کا قبضہ حاصل کر سکے گا اور باقی رقم اقساط میں ادا کرنی ہو گی۔

دوسری جانب ٹک ٹاکر کی پوسٹ پر تبصروں کا سلسلہ جاری ہے، ایک صارف نے لکھا ہے کہ وزیراعظم صاحب مجھے ایک پلاٹ قرض پر چاہیے۔

ایک اور صارف نے لکھا ہے کہ ایک درجن پیک کر دو، چٹنی علیحدہ پیک کرنا۔