شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عوام بلاول بھٹو زرداری کو اگلا وزیراعظم بنائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی سوچ دہشت گردانہ ہے جس نے قومی ا داروں اور املاک کو نقصان پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو بی جے پی کے بال ٹھاکرے کی صورت میں پاکستان پر مسلط کیا گیا۔ اب تو اسرائیل بھی پی ٹی آئی قیادت کی حمایت میں کھل کر سامنے آگیا ہے، قوم کی آنکھیں کھولنے کیلئے یہ کافی ہے
شرجیل انعام میمن نے یہ بھی کہا کہ قومی اسمبلی کی تحلیل اور آئندہ عام انتخابات سے متعلق پی پی رہنماء نے کہا کہ موجودہ حکومت جمہوری عمل مکمل کرکے جارہی ہے۔ پیپلزپارٹی سمجھتی ہے کہ آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے انتخابات ہونے چاہئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی ہمیشہ الیکشن کیلئے تیار رہتی ہے جبکہ ہم اگست میں الیکشن کی طرف جا رہے ہیں،عوام نے سب کی کارکردگی دیکھ لی ہے ،عوام بلاول بھٹو زرداری کو اگلا وزیراعظم بنائیں گے۔
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کا مزید کہنا تھا کہ ملک کو بچانے کیلئے پیپلزپارٹی ہمیشہ صف اول میں کھڑی ہو گی۔الیکشن میں ووٹ اسے ملے گا جو امن اور اداروں کیخلاف نہیں ہوگا۔



















