سابق صدر اور پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی وزیراعظم شہباز شریف سے اُن کی رہائش گاہ پر اہم ملاقات ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور آصف علی زرداری کے درمیان ملاقات میں عام انتخابات، نگران سیٹ اپ سمیت آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر تفصیلی گفتگو کی گئی جبکہ دونوں نے الیکشن بروقت کروانے پر بھی مکمل اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں آصف علی زرداری اور شہبازشریف کی موجودہ اسمبلی کی مدت کے خاتمے کی حتمی تاریخ پر تفصیلی مشاورت کی گئی، آصف علی زرداری نے موجودہ اسمبلیوں کی مدت اگست کے دوسرے ہفتہ میں ختم کرنے کی تجویز دیدی اور پیپلزپارٹی کی تجویز پر شہبازشریف کی دیگر اتحادیوں کو بھی اعتماد میں لینے کی یقین دہانی کروائی گئی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں آئندہ نگران وزیر اعظم بیوروکریٹ کے بجائے سیاست دان کو لانے پر غور کیا گیا، آصف علی زرداری نے وزیراعظم کے آئی ایم ایف سے امدادی پیکج کےلیے کلیدی کردار کو سراہا اور ان کو آئی ایم ایف ڈیل پر مبارکباد دی جبکہ وزیراعظم شہبازشریف نے آصف علی زرداری کا شکریہ ادا کیا۔
سابق صدر اور پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت جو معیشت کےلئے بارودی سرنگیں بچھا کر گئی اسے مل کرصاف کررہے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہماری ساری توجہ معیشت کی مضبوطی پر ہے اور اللہ کی مہربانی سے کامیابیاں مل رہی ہیں، ملک سے انتشار اورفتنے کی سیاست کا جڑ سے خاتمہ کرکے سیاسی استحکام کی جانب بڑھ رہے ہیں، ملک کو ڈیفالٹ کرنے والوں کاخواب خواب ہی رہ گیا ہے۔



















