پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے مزید 6 ممبرز کی پارٹی سے بنیادی رکنیت معطل کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے حاجی شوکت علی، مجاہد میتلہ سمیت نادیہ عزیز کی بنیادی رکنیت معطل کر دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ پاکستان تحریک انصاف نے سلیم بریار، سید زلفقار علی شاہ اور عثمان تراکائی کی بھی پارٹی سے بنیادی رکنیت معطل کردی، جس کے بعد سیکریٹری جنرل عمر ایوب کے دستخط سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ میڈیا کے مختلف فورمز پر آپ کی پریس کانفرنس کی گردش اور بڑے پیمانے پر نشریات دیکھی گئی کہ آپ نے پاکستان تحریک انصاف چھوڑ دی ہے، آپ نے جان بوجھ کر پارٹی دفاتراور پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا۔
یہ بھی پڑھیں: الوداع پی ٹی آئی؛ ایک اور بڑی وکٹ گر گئی
نوٹیفکیشن کے مطابق لہذا، آپ کو پاکستان تحریک انصاف کی بنیادی رکنیت ختم کرنے کا نوٹس دیا جاتا ہے، پاکستان تحریک انصاف سے آپ کی رکنیت فوری طور پر ختم کر دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا کہ آپ کو ہدایت کی جاتی ہے کہ پارٹی کا نام، عہدہ یا رکنیت کا کسی بھی طریقے سے استعمال کرنے سے گریز کریں تاہم خلاف ورزی کی صورت میں پارٹی آپ کے خلاف قانونی کارروائی کرے گی۔



















