پاکستان کی سمندری حدود کے دفاع کے لئے بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے، چین میں تیار کیے گئے 2 نئے ٹائپ 054 ایلفا فریگیٹس آئندہ چند روز میں باضابطہ طور پر پاک بحریہ میں شامل کرنے کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق طغرل کلاس فریگیٹس پی این ایس ٹیپو سلطان اور پی این ایس شاہ جہاں کی پاک بحریہ میں شمولیت کی تقریب کراچی میں منعقد ہوگی جس کے مہمان خصوصی زیر دفاع خواجہ آصف ہوں گے۔
اس شمولیت سے پاک بحریہ کے بیڑے میں شامل ٹائپ 054 ایلفا فریگیٹس کی مجموعی تعداد 4 ہو جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ طغرل کلاس فریگیٹس بنیادی طور پر گائیڈڈ میزائِل فریگیٹس ہیں جو چین کی ہوڈگون ژنگ ہوا شپ بلڈنگ نے پاک بحریہ کی ضروریات اور تقاضوں کے مطابق چاروں فریگیٹس تیار کیے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ طغرل کلاس فریگیٹس بیک وقت سطح آب، زیر آب اور فضا میں جنگ لڑنے کی صلاحیت رکھنے والے کثیر المقاصد جہاز ہیں اور لو ریڈار آبزرویبیلیٹی کے باعث دشمن کے لئے زیادہ مہلک ہیں۔ طغرل کلاس یا ٹائپ 054 ایلفا پی فریگیٹس جدید ترین حربی ساز و سامان اور سینسرز بشمول ورٹیکل لانچنگ سسٹم سے لیس ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاک بحریہ کے 4 افسران کی وائس ایڈمرل کے عہدے پر ترقی
ذرائع کے مطابق طغرل کلاس فریگیٹس پر سطح سے سطح پر مار کرنے والے سی ایم 302 میزائل نصب کیے گئے ہیں اور سطح سے فضا میں مار کرنے والے ایل وائے 80 میزائل بھی ان جہازوں پر موجود ہیں۔
جدید اینٹی سب میرین وار فئیر اور کومبیٹ مینجمنٹ سسٹم کے ساتھ طغرل کلاس فریگیٹس بیک وقت کئی خطرات سے نمٹ سکتے ہیں۔ 134 میٹر طویل، 42 ہزار ٹن ڈسپلیسمنٹ کے ساتھ طغرل کلاس فریگیٹس کی رفتار 27 ناٹس تک ہے۔
ذرائع نے مزید کہا کہ غرل کلاس فریگیٹس پر اینٹی سب میرین وار فئیر کے لئے زی نائن ای سی ہیلی کاپٹر متعین ہوں گے۔
چینی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ کے اہم ترین جنگی جہاز کے طور پر طغرلکلاس فریگیٹس جنگی صلاحیتوں کے باعث اپنے مدمقابل جہازوں سے کہیں آگے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان نے 2017 میں ٹائپ 054 ایلفا فریگیٹس کی خریداری کے لئے آرڈر دیا تھا۔



















