Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عبدالعلیم خان سے اکبر نوانی کی ملاقات، سیاسی وانتخابی صورتحال پر تبادلہ خیال

استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے صدر عبدالعلیم خان سے پارٹی رہنما سعید اکبر نوانی کی ملاقات ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق عبدالعلیم خان اور سعید اکبر نوانی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں پارٹی امور، ممکنہ انتخابی صورتحال اور سیاسی و دیگر معاملات پر بات چیت ہوئی۔

ملاقات میں عبدالعلیم خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کی محرومیاں دور کرنے کا وقت آگیا، عملی اقدامات کریں گے۔

استحکام پاکستان پارٹی کے صدر نے کہا کہ پنجاب کا 45 فیصد رقبہ جنوب میں ہونے کے باعث نظر انداز ہوا، گیارہ اضلاع میں صوبے کی 35 فیصد آبادی بنیادی سہولتوں سے محروم ہے۔

انہوں نے کہا کہ بہاولپور، ڈی جی خان اور ملتان ڈویژن کو صرف وعدوں پر ٹرخایا گیا، جنوبی پنجاب کی 31فیصد آبادی خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔

عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ استحکام پاکستان پارٹی کو جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع میں متحرک کیا جا رہا ہے، جنوبی پنجاب کی 77فیصد دیہی آبادی ریونیو کے باوجود سہولتوں میں پیچھے ہے۔

آئی پی پی کے صدر نے مزید کہا کہ ان اضلاع میں تعلیم، پانی، سیوریج، انرجی و صحت جیسی بنیادی سہولتیں نہیں، صدر، وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ جیسے عہدوں کے باوجود یہ خطہ ترقی نہیں کر سکا۔

دوسری جانب سعید اکبر نوانی نے کہا کہ عام انتخابات میں جنوبی پنجاب کی ہر سیٹ پر اس پارٹی کو سبقت دلائیں گے۔

متعلقہ خبریں