Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پی ڈی ایم کو بڑا جھٹکا؛ علیم خان نے اہم اعلان کردیا

استحکام پاکستان پارٹی کے صدرعبدالعلیم خان نے اہم اعلان کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے ساتھ سب نے جدوجہد میں اپنا حصہ ڈالا، پرویزخٹک کا بھی اس جدوجہد میں کردار ہے، 9 مئی کے بعد پی ٹی آئی میں رہنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے لوگوں کوایک پلیٹ فارم دیا، ہم نے پرویزخٹک کو بھی دعوت دی تھی، ان کی پارٹی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، کوئی جماعت ملک کی خدمت کر سکتی ہے توان کا حق ہے، پرویزخٹک نے پارٹی بنائی ہے تو منشور دیں گے۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ آئی پی پی بننے سے قبل ہمارے 2 لوگ حکومت کا حصہ تھے اور پی ڈی ایم اتحاد کو سپورٹ کر رہے تھے، وہ سمجھتے تھے ایک ماہ پہلے حکومت کا ساتھ  چھوڑنے سے شرمندگی ہوگی، لہٰذا حکومت کی مدت پوری ہونے تک رہنے دیا جائے، وہ چاہتے تھے ایک ماہ پہلے استعفیٰ نہ دلوایا جائے۔

صدرآئی پی پی نے کہا کہ پرویزخٹک اورہماری وکٹ الگ الگ ہے پرویزخٹک سے کوئی اختلاف نہیں، پرویزخٹک سے کوئی رابطے میں ہے تو وہ دوسری جماعت کو پسند نہیں آئے گا، جو ہمارے ساتھ آنا چاہتے ہیں ان کا رابطہ دوسری جماعتوں کو اچھا نہیں لگتا، انہیں معلوم ہے مزید لوگ ہمیں جوائن کررہے ہیں، انہیں ہماری پارٹی بننے کی خوشی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہرسیٹ پراپنا امیدوار کھڑا کر رہے ہیں ، کسی اتحاد میں نہیں، ن لیگ کے خلاف الیکشن لڑ رہے ہیں ، پرویز خٹک سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہو جائے تو حیرانی کی بات نہیں ، ہمارے پاس زیادہ تر پنجاب کے لوگ ہیں، جبکہ گلگت بلتستان، بلوچستان اور سندھ سے بھی لوگ رابطے میں ہیں، پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کے خلاف الیکشن لڑیں گے۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی ٹکٹ کیلئے امیدوار کی عمر پوچھتے تھے، بتایا جاتا تھا 30 سال سے کم عمر ہے تو کہتے تھے ٹکٹ دے دو، ٹکٹ دیئے تو نتیجہ آیا امیدواروں کے 2 ، 3 ہزار ووٹ نکلے، ہمارے پاس جو لوگ آئے اس سے آئی پی پی کو فائدہ ہوا، پی ٹی آئی خاتمے کی جانب گامزن ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے50 لاکھ گھر، ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا تھا، ایک کروڑ میں سے ایک لاکھ نوکریوں کا تو بتا دیتے، 50 لاکھ میں سے 500 گھربھی بنائے ہیں توٹھیک ہے، 50 لاکھ گھرکا مطلب شاید کراچی جتنے2  شہر، کراچی جیسے 2 شہر5 سال میں کیسے بنا سکتے تھے؟

صدر آئی پی پی نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو کہا تھا 50 لاکھ گھر بننا ممکن نہیں، معلوم نہیں چیئرمین پی ٹی آئی کو50لاکھ  گھر کا مشورہ کس نے دیا، جن لوگوں نے عملی زندگی میں کچھ نہ کیا ہو وہ خیالوں میں ہوتے ہیں۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ جس کسان کے پاس بڑی زمینیں نہیں، انہیں ریلیف دینا چاہتے ہیں، کم ازکم تنخواہ 50 ہزار روپے کریں گے، غریب کا بجلی کابل300 یونٹ مفت ہونا ریلیف ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتیں صرف خرچہ کرتی ہیں،300 یونٹ تک مفت بجلی ہمارے منشورکاحصہ ہے، کچھ لوگوں نے پوچھا بجلی کیسے مفت کریں گے؟ ہم نے کہا بی آئی ایس پی کے تحت 500 ارب روپے ہیں، ان 500 ارب کو1500سے 2 ہزار ارب تک لے کر جائیں گے، حکومت کو فنڈز بڑھانے چاہئیں۔

متعلقہ خبریں