صدر مملکت نے کہا ہے کہ سرکاری افسران ملک میں گڈ گورننس کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے کوئٹہ سے آئے ہوئے سرکاری افسران پر مشتمل مڈ کیریئر منیجمنٹ کورس کے شرکاء کی ملاقات ہوئی جس میں صدر مملکت نے بیوروکریسی کی جانب سے خدمات کی فراہمی بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
ملاقات میں ڈاکٹر عارف علوی نےکہا کہ ملکی ترقی اور لوگوں کو اِنصاف کی فراہمی کیلئے سرکاری حکام کو بروقت فیصلے لینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیصلہ سازی میں تاخیر خدمات کی فراہمی اور ملکی ترقی پر منفی اثر ڈالتی ہے ، ہمیں بہتر اخلاق اور انکساری کی اقدار کو اپنانے کی ضرورت ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستانی بیوروکریسی کو نظام بہتر بنانے اور فکری استعداد میں اضافہ کرنا ہوگا، کارکردگی میں بہتری اور مؤثر فیصلہ سازی کیلئے افسران خود کو جدید مہارتوں سے لیس کریں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سرکاری افسران ملک میں گڈ گورننس کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کریں، بیورو کریسی ملکی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے محنت اور اخلاص کے ساتھ کام کرے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بیوروکریسی عوام کی خدمات تک رسائی بہتر بنانے اور اداروں کی کارکردگی بڑھانے کیلئے جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کرے، سرکاری حکام خود کو اپنے شعبے کی جدید مہارتوں سے لیس کریں۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ تیز رفتار ترقی کیلئے سرکاری افسران لوگوں کی توقعات کی مطابق خدمات کی فراہمی یقینی بنائیں۔



















