متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) نے آئندہ عام انتخابات میں پنجاب سے تمام قومی و صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں سے الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیوایم کی بین الصوبائی تنظیمی کمیٹی پاکستان کے جوائنٹ انچارج زاہد ملک کی زیرصدارت ایم کیوایم پنجاب تنظیمی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں متحدہ قومی موومنٹ نے پنجاب میں تنظیم سازی کا عمل اور عام انتخابات کے لئے حلقوں میں اپنے امیدواروں کے تعین کے حوالے سے سرگرمیاں تیز کرنے کا فیصلہ کیا۔
اجلاس میں آغا محمد علی جانی کی سربراہی میں پنجاب سے تمام قومی وصوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر امیدواروں کو ٹکٹ دینے کے لئے الیکشن سیل قائم کر دیا گیا اور انتخابات کے حوالے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لئے تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔
اس موقع پر زاہد ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم آئندہ عام انتخابات میں پنجاب سے تمام قومی و صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں سے الیکشن میں حصہ لے گی اور پڑھے لکھے متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو ٹکٹ دے گی۔
زاہد ملک نے کہا کہ نئی مردم شماری کے مطابق بنائی جانے والی حلقہ بندیوں پر الیکشن کرانا ہمارا مطالبہ ہے۔
ایم کیوایم کی قیادت نے اس ضمن میں وزیراعظم شہبازشریف کو آگاہ کیا اور کہا کہ ہمیں امید ہے کہ اس ضمن میں ایم کیوایم کے تحفظات جلد دور ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں غریب، متوسط اور پڑھے لکھے افراد خاص طورپر نوجوانوں کو ایم کیوایم کا حصہ بنائیں گے، ایم کیوایم پنجاب کے عوام کی آواز بنے گی اور مسائل کے حل کا پلان دے گی۔
اجلاس نے پنجاب میں تنظیمی امور کے حوالے سے غور کیا اور تنظیم سازی کے عمل کو مزید تیز کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔
واضح رہے کہ اجلاس میں صدر پنجاب عابد گجر، جنرل سیکریٹری کرامت علی شیخ، سنٹرل پنجاب کے صدر شاہین انور گیلانی، جنوبی پنجاب کے صدر ایاز علی شیخ، سوشل فورم کے صدر چوہدری منیر احمد، اے پی ایم ایس او کے صدر محمد زین اور دیگر رہنماوں نے شرکت کی۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















