وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پیمرا (ترمیمی) بل 2023 پر مشاورتی عمل جاری ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ پیمرا (ترمیمی) بل 2023 پر مشاورتی عمل جاری ہے جس پر مختلف آرا کا آنا قدرتی بات اور خوش آئند ہے اور جاری رہے گی، اس کی حمایت یا مخالفت سے قطع نظر یہ بات کسی بھی شک وشبہ سے بالا تر ہے کہ حامد میر صاحب میڈیا کے اس قابل فخر اور دلیر قبیلے میں شامل ممتاز شخصیات میں سے ایک ہیں جن کی زبان، ضمیر اور قلم ہمیشہ جبر، ظلم اور سینسرشپ کے خلاف ڈھال بنا رہا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ صحافی ہی نہیں اہل سیاست کی بھی وہ آواز بنے جس کی قیمت گولیوں، کالم اور پروگرام کی بندش کی صورت انہوں نے ادا کی۔ اپوزیشن ہو یا حکومت، اصول پسند، صاف گو صحافی اور ایک بھائی کے طورپر میں نے ہمیشہ اُنہیں انتہائی عزت واحترام دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں یہ واضح کرنا چاہتی ہوں کہ پیمرا (ترمیمی) بل 2023 پر وسیع مشاورت کا آغاز ہمارے سوچے سمجھے ارادے سے ہوا تھا تاکہ تمام فریقین کی آراء سامنے آئیں اور ہم ایک ایسا بہترین، جامع اور سب کے حقوق کا محافظ قانون تیار کریں جس میں نہ کسی کی حق تلفی ہو اور نہ ہی پیمرا اور اس قانون کو میڈیا کی زباں بندی یا بازو مروڑنے کے لئے استعمال کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی آرا میں اس معاملے کو میرے اور حامد بھائی کے درمیان ایک ذاتی تنازعہ بنا کر پیش کرنے کی کوشش ہو رہی ہے جو درست نہیں، تنقید کا میں نے ہمیشہ خندہ پیشانی سے سامنا کیا ہے، اس سے راہنمائی لی ہے اور اصلاح کی ہے لیکن پھر بھی اس تاثر کی وجہ سے اگر دل آزاری ہوئی ہو تو میں اپنے بھائی حامد میر سے معذرت خواہ ہوں۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















