نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ کپاس کی زیادہ پیداوار کیلئے ازبکستان کی مہارت اور تجربے سے استفادہ کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے وفد کے ہمراہ جدید کاٹن فیکٹری اور کاٹن فیلڈز کا دورہ کیا جس کے دوران انہوں نے فیکٹری میں جدید مشینری کا معائنہ کیا اورکاٹن کی پراسیسنگ کا جائزہ لیا۔
ازبک حکام نے اس موقع پر وزیر اعلیٰ محسن نقوی اور پنجاب حکومت کے وفد کو کاٹن فیکٹری میں جدید مشینری کے استعمال اور اس کی افادیت کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ازبکستان خطے میں کپاس پیدا کرنے والے سرفہرست ممالک میں سے ایک ہے اورازبکستان میں کپاس کی فی ایکڑ اوسط پیداوار 700 سے 1800 کلوگرام ہے، ازبکستان کے موسمی حالات پنجاب کے موسمی حالات سے مطابقت رکھتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی اور وفد نے کپاس کے کھیتوں کا بھی معائنہ کیا اور بہترین کپاس کی فصل پر ازبک کے زرعی ماہرین کی کاوشوں کی تعریف کی۔
اس دوران محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ اس طرح کی جدید کاٹن فیکٹریاں پنجاب میں بھی لگائی جائیں، اس ضمن میں ازبک حکومت کے ساتھ اشتراک کار بڑھایا جائے گا، کپاس کی زیادہ پیداوار کے حصول کیلئے ازبکستان کی مہارت اور تجربے سے استفادہ کیا جائے گا، ازبکستان پنجاب کی زراعت کو فائدہ پہنچانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
صوبائی وزراء ایس ایم تنویر، عامر میر، چیف سیکرٹری پنجاب، میجر جنرل شاہد، سیکرٹری زراعت پنجاب، اپٹما کے مرکزی رہنماء گوہر اعجاز، فواد مختار، شاہد ستار، نصیر اللہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















