Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

حکومت کا اولین فرض عوام کو سستی بجلی فراہم کرنا ہے، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کا اولین فرض عوام کو سستی بجلی فراہم کرنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں منعقدہ سولر ٹیوب ویلز سے متعلق تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی مدت ختم ہونے سے پہلے شمسی توانائی کا منصوبہ شروع کیا، اُن ممالک میں بھی سول سسٹم چل رہے ہیں جہاں سورج ہر وقت نہیں ہوتا۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہمارے ملک میں سال کے 12 مہینے سورج رہتا ہے، حکومت سستی بجلی فراہم کرنے کے لیے شمسی توانائی پر تمام شعبوں کو منتقل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ صدر مملکت کو حکومت اور اسمبلی تحلیل کرنے کی سفارش کردوں گا جس کے بعد معاملات نگراں حکومت کے ہاتھ میں چلے جائیں گے مگر امید ہے کہ شمسی توانائی کا منصوبہ چلتا رہے گا تاکہ مستقبل میں پاکستان اور شہریوں کو سستی بجلی مل سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ بجلی ہر طبقے اور شہری کی ضرورت ہے اور اس کی فراہمی بھی ضروری ہے، ملک میں آنے والی کسی بھی حکومت کا اولین فرض سستی بجلی فراہم کرنا ہے۔

شہباز شریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ گزشتہ 15 ماہ میں ہم نے سستی بجلی کیلیے شمسی توانائی کے منصوبے پر کام شروع کیا مگر آئی ایم ایف پروگرام اور اُس کی مشکلات کیوجہ سے پروگرام پر دھیان نہیں دے سکے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اگر آئی ایم ایف کا پروگرام نہ ہوتا اور پاکستان ڈیفالٹ کرجاتا تو ادویات کیلیے قطاریں لگی ہوتیں اور دوائیں دستیاب نہ ہوتیں، ہمارے زرمبادلہ کے ذخائر مزید کم ہوتے جس کو بچانے کے لیے ہم اپنی درآمدات کو مزید کم کرتے تاکہ زرمبادلہ بچا سکیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ ہوا جس کی شرائط بہت کڑی اور سخت ہیں، مگر ہم اس پروگرام کے بعد ڈیفالٹ سے بچ گئے اور اللہ نے پاکستان کو بڑی پریشانی سے بچایا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ مسئلہ آئی ایم ایف پروگرام نہیں بلکہ مستقبل کے معاشی اہداف ہیں، ہمیں ملک کو ترقی دینے کے لیے زراعت کے پہیے کو تیزی سے گھمانا ہوگا اور سستی توانائی کے منصوبوں پر جانا ہوگا۔

متعلقہ خبریں