وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضی جاوید عباسی نے حکومت تحلیل ہونے کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں مرتضی جاوید عباسی نے کہا کہ منتخب حکومت نے اپنی 5 سالہ آئینی مدت مکمل کرلی ہے، آئین کے آرٹیکل 58 کے تحت وزارت پارلیمانی امور نے حکومت تحلیل کرنے کی سمری وزیراعظم کو بھجوائی۔
وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضی جاوید عباسی نےمزید کہا کہ سمری میں آئین کے آرٹیکل 224 کے تحت عبوری حکومت کی تشکیل کی استدعا کی گئی ہے، تحلیل کی سمری منظوری پر وزارت پارلیمانی امور باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔
وزیراعظم نے قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری صدر مملکت کو بھجوا دی
دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف نے قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری دستخط کر کے صدر مملکت کو بھجوا دی ہے۔
صدر مملکت کی جانب سے سمری پر دستخط کیے جانے کے بعد قومی اسمبلی تحلیل ہو جائے گی اور اسمبلی ٹوٹتے ہی وفاقی کابینہ ازخود تحلیل ہو جائے گی۔
صدر دستخط نہ کریں تو بھی اسمبلی 48 گھنٹے میں تحلیل ہو جائےگی۔ آئین کے مطابق اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد 90 دن میں الیکشن کرانا ہوں گے۔
وزیراعظم شہبازشریف نگراں وزیراعظم کی تعیناتی تک عہدے پر رہیں گے۔



















