بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ نفرت و تقسیم کی سیاست کا خاتمہ اور اقلیتوں سمیت تمام پسماندہ طبقات کو سماجی انصاف صرف پیپلز پارٹی دلا سکتی ہے۔
پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اقلیتوں کے قومی دن پر پیغام میں کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ بھی آئین کی پاسداری ہے۔ نفرت و تقسیم کی سیاست کا خاتمہ اور اقلیتوں سمیت تمام پسماندہ طبقات کو سماجی انصاف صرف پیپلز پارٹی دلا سکتی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قائداعظم نے 11 اگست کی تاریخی تقریر میں واضح کردیا تھا کہ نئی ریاست میں تمام شہریوں کو یکساں حقوق اور مذہبی آزادی حاصل ہوگی، پیپلز پارٹی نے اقلیتوں کے حقوق اور مفادات کے تحفظ کے حوالے سے ہمیشہ عادلانہ و قابلِ عمل نقطہ نظر اختیار کیا۔
انھوں نے پیغام میں کہا کہ 1973ع کا آئین پی پی پی کے نقطہ نظر کی ایک واضح مثال ہے، جو تمام اقلیتوں کو یکساں حقوق کی ضمانت دیتا ہے، شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنے ادوارِ وزارتِ اعظمیٰ کے دوران اقلیتوں کے مسائل کے حل اور ان کی ترقی و بھبود کے لیے بیشمار اقدام اٹھائے۔
پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اقلیتوں کے لیے جو انقلابی اقدام اٹھائے، ان میں وزارتِ اقلیتی امور کا قیام بھی شامل ہے، 11 اگست کو اقلیتوں کے قومی دن کے طور پر منانے کا فیصلہ کرنے پر صدر آصف علی زرداری کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ سب کو اعتماد میں لے کراور سب کو ساتھ لے کر چلنا ہی صدر آصف علی زرداری کا ویژن اور پہچان ہے، پیپلز پارٹی ملک کی واحد جماعت ہے، جس نے اپنے غیر مسلم کارکنان کو قومی اور صوبائی اسیمبلیوں کی جنرل سیٹوں پر ٹکٹ دے کر منتخب کروایا۔
پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سینیٹ میں بھی اپنے غیر مسلم کارکنان کو بھرپور نمائندگی دی ہے، پیپلز پارٹی نے دیگر جماعتوں کے مقابلے میں اپنی حکومتوں کی کابینہ میں بھی اقلیتی برادری کو سب سے زیادہ نمائندگی دی۔ غیر مسلم شہریوں کے حقوق و بھبود کے حوالے سے بھی پیپلز پارٹی نے جو قانون سازی اور عملی اقدامات کیے ہیں، اس کی کوئی نظیر نہیں ملتی۔
بلاول بھٹو زرداری نے پیغام میں کہا کہ ملک کی تمام اقلیتوں کو قوم سازی اور ملکی ترقی میں اپنی تعداد سے کہیں زیادہ حصہ ملانے پر سلام پیش کرتا ہوں، پاکستان کی اکثریتی اور اقلیتی برادریوں کا صدیوں سے جینا مرنا اور دکھ سکھ ہمیشہ سانجھے رہے ہیں۔
انھوں نے مذید کہا کہ ہم کسی کو بھی اپنے معاشرتی تانے بانے ادھیڑنے نہیں دیں گے، پیپلزپارٹی پاکستان کے حقیقی معاشرتی اقدار و رواداری کی حفاظت کرے گی، پیپلز پارٹی ملک میں اقلیتوں کے حقوق کی حفاظت اور وسیع تر قومی اتفاق و اتحاد کے لیے اپنا بھرپورکردار ادا کرتی رہے گی۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔



















