بشری بی بی کی ڈائری منظر عام آنے پر استحکام پاکستان پارٹی کی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا رد عمل سامنے آگیا ہے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بشری بی بی کی ڈائری منظر عام آنے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ سابق خاتون اول بشری بی بی کی ڈائری بنی گالا سیکرٹریٹ کا ”بلیک باکس“ہے، بیوٹی باکس کی بجاٸے بلیک باکس نے اندر کی کہانی کھول دی۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے یہ بھی کہا کہ ڈاٸری میں ان کے اپنے ہاتھ سے لکھی ہدایات نے ہمارے دعووں کو سچ ثابت کر دیا ہے، بشری بی بی کی ہدایات پر بنی گالا کے ساتھ ساتھ پورے ملک کو چلایا گیا۔ اسی ”ناچ نجانے آنگن ٹیڑھا“ کا نتیجہ پوری قوم بھگت رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہرکامیاب مرد کے پیچھے دعا گو ماں اور وفادار بیوی کی صورت میں عورت کا ہاتھ ہوتا ہے، چٸیرمین پی ٹی آٸی کی ناکامی کے پیچھے اس کی مرشد بشری بی بی کا ہاتھ ہے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ڈائری والی سرکار نے پی ٹی آٸی سرکار کا خوب تختہ الٹایا ہے، ڈائری میں بورڈنگ سکول کے وارڈن کی طرح سابق وزیر اعظم کے لٸے ہدایات درج ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بشری بی بی کی ڈائری امام دین کی شاعری ثابت ہوئی ہے، وہ اخلاق کی تباہی کا باعث اور یہ ملکی سیاست کی تباہی کا باعث بنی، اس ڈائری کے منظر عام پر آنے سے بشری بی بی کے نام نہاد پیر بننے کے ڈرامے کا ڈراپ سین ہو گیا ہے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے یہ بھی کہا کہ پیر تو امن و محبت فلاح اور نیکی کا رستہ دکھاتا ہے، بنی گالا کی خاتون پیر ملک کا امن وامان تباہ کرنے اور انتشار کا سبق سکھا رہی ہیں۔
استحکام پاکستان پارٹی کی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ یہ ڈائری ان کے شدت پسند روے اور سخت گیر ذہنیت کی عکاسی کرتی ہے، افسوس اس بات کا ہے کہ ملک کا سربراہ پورے دور حکومت میں اس سوچ کے زہر اثر رہا ہے تو ہم پرستی نے اس ملک کو چار سال یرغمال بنائے رکھا ہے۔



















