Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

افواج پاکستان اور عوام ایک تھے،ایک ہیں اور ایک رہیں گے،آرمی چیف

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ افواج پاکستان اور عوام ایک تھے،ایک ہیں اور ایک رہیں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے یوم آزادی کے موقع پر پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں آزادی پریڈ  سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن ہمارے قائدین اور اسلاف کی بصیرت اور قربانیوں سے حاصل کی گئی آزادی کی تکریم کا دن ہے۔

چیف آف آرمی اسٹاف نے 76 ویں یوم آزادی کے موقع پر آزادی پریڈ کے شرکاء کو مبارکباد دی جبکہ آرمی چیف نے شاندار پریڈ کے انعقاد پر کیڈٹس کو خراج تحسین پیش کیا۔

جنرل عاصم منیر نے کہا کہ آج کا دن ہمیں پاکستان کا مطلب کیا لا الااللہ کے پیغام کی روح کو سمجھنے پر زور دیتا ہے، یہ پیغام دو قومی نظرئیے کی اساس اور برصغیر کے مسلمانوں کی منزل ہے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہم 76 برس سے آزادی کا دن منانے کی روایت قائم رکھے ہوئے ہیں ، پاکستان بیشمار وسائل اور ان گِنت نعمتوں کی سرزمین ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہماری ترقی ہمارے اسلاف اور عوام کے خوابوں کی تعبیر ہو گی جبکہ ہماری ترقی ہماری آئندہ نسلوں کے بہتر مستقبل کی ضامن ہوگی۔

جنرل عاصم منیر نے کہا کہ افواج پاکستان اور عوام ایک تھے،ایک ہیں اور ایک رہیں گے۔ عوام اور افواج پاکستان میں دراڑ ڈالنے کی کوشش کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔

 انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم ایک اہم اور کٹھن دور سے گزر رہے ہیں، ہمیں جغرافیائی اور سیاسی تنازعات، طاقت کے حصول کی کشمکش، تسلط پسندی اور جنگی جنون جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں پاکستان کو کمزور کرنے کی خواہش رکھنے والی ناکام قوتوں کا مسلسل سامنا ہے، ہم قائد اعظم کے قول کہ “دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو مٹانہیں سکتی” کے امین ہیں۔

آرمی چیف کا یہ بھی کہنا تھا کہ قوم ان چیلنجز خواہ وہ بیرونی ہوں یا اندرونی، سے نبرد آزما ہونے کا حوصلہ ، صلاحیت اور قابلیت رکھتی ہے، میں اس موقع پر اپنی عظیم قوم کو امید کا پیغام دیتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خاطر ہم کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، قومی فوج ہونے کے ناطے پاکستان آرمی عوام کی فلاح و بہبود کیلیئے پُر عزم ہے، قوم اور فوج میں دراڑ ڈالنے کی مذموم کوششیں ناکام ہونگی۔

جنرل عاصم منیر نے یہ بھی کہا کہ ہمیں خوف اور مایوسی پھیلانے والوں کا منفی پروپیگنڈا مسترد کرنا ہوگا کیونکہ یہ عناصر معاشرے میں نا امیدی پھیلانے کی ناکام کوششوں میں سرگرم ہیں۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اس ضمن میں مختلف قرآنی آیات کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ ہم نے عظیم جدوجہد سے آزادی حاصل کی اس کی حفاظت بھی کرنا جانتے ہیں، کوئی ملک اور قوم ایسے چیلنجز سے نبرد آزما ہوئے بغیر ترقی نہیں کر سکتے۔

یاد رہے کہ پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کاکول میں آزادی پریڈ کا انعقاد جاری ہے جس میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر آزادی پریڈ کے مہمان خصوصی ہیں۔

متعلقہ خبریں