عدالت نے چودھری پرویزالٰہی کو گھر کا کھانا، ادویات اور معالج کی سہولت دینے کا بھی حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت لاہورمیں گجرات، منڈی بہائوالدین ترقیاتی منصوبوں میں سابق وزیراعلٰی پنجاب چوہدری پرویزالٰہی کے جسمانی ریمانڈ پر سماعت ہوئی۔
عدالت نے چودھری پرویز الٰہی کا 21 اگست تک ریمانڈ منظور کر لیا، عدالت نے ملزم کے وکیل کی استدعا پر 6 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا۔
احتساب عدالت نے چودھری پرویز الٰہی کو گھر کا کھانا، ادویات اور معالج کی سہولت دینے اورملزم کی اہلیہ، بیٹے اور وکیل سے ملاقات پر قانون کے مطابق عمل کرنے کا حکم بھی دے دیا۔
امجد پرویز ایڈووکیٹ نے پرویز الہٰی کی گرفتاری سپریم کورٹ میں چیلنج ہونے کی بنیاد پر آج ریمانڈ کی مخالفت نہیں کی، انھوں نے کہا کہ پرویزالٰہی کی یکے بعد دیگرے کیسز میں گرفتاری کیخلاف سپریم کورٹ میں کل سماعت ہے، اس کے فیصلے کا انتظار کر لیا جائے۔
دوپہرایک بجے کے وقفے کے بعد دوبارہ سماعت ہوئی تو اسپیشل پراسکیوٹر نیب نے کہا کہ 4 شریک ملزموں کے جسمانی ریمانڈ لیے جا چکے ہیں، گجرات کے مخصوص حلقوں کیلئے 72 ارب روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ جاری کی گئی۔
نیب پراسکیوٹرنے بتایا کہ200 اسکیموں کیلئے ایکسئین سے گجرات کے مخصوص حلقوں کی فہرست بنوائی گئی، جس پرعدالت نے پراسیکیوٹرسئے مکالمہ میں کہا کہ آپ گرفتاری کی وجوہات بتائیں۔
وکیل پرویزالٰہی نے کہا کہ اسی نوعیت کا معاملہ ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے، ایک ہفتے کا سوموار تک کا ریمانڈ دے دیا جائے۔
چودھری پرویز الٰہی نے گھر کا کھانا، ذاتی معالج اور ادویات کی سہولت مانگ لی جس پرنیب کے پراسیکیوٹر نے کہا کہ چودھری پرویز الٰہی کو پہلے ہی یہ سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں جس کے بعد عدالت نے چودھری پرویز الٰہی کا 21 اگست تک جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
چودھری پرویز الٰہی نے اہلیہ، بیٹے اور وکیل سے ملنے کی اجازت دینے کی استدعا جس پرنیب کے پراسیکیوٹر نے کہا کہ اس استدعا پر نیب جواب دائر کرے گا۔
اس سے قبل چوھدری محمد نواز ایڈووکیٹ نے استدعا کی کہ چوھدری پرویزالٰہی سے ملاقات کا 5 منٹ کا وقت دے دیا جائے۔
چودھری پرویز الٰہی کے وکیل کو ملزم کے ریمانڈ کی کاپی فراہم کر دی گئی جس کے بعدعدالت نے سماعت 1 بجے تک کیلئے ملتوی کر دی۔
فاضل جج نے کہا کہ آپ چودھری پرویز الٰہی سے ملاقات کر لیں پھر 1 بجے دیکھتے ہیں۔
احتساب عدالت کے جج زبیر شہزاد کیانی نے نیب کی درخواست پر سماعت کی، نیب حکام نے چودھری پرویز الٰہی کو ریمانڈ کیلئے پیش کیا جبکہ ملزم پرویزالٰہی کی طرف سے امجد پرویز ایڈووکیٹ پیش اورنیب کی طرف سے اسپیشل پراسکیوٹر وارث جنجوعہ عدالت میں پیش ہوئے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔




















