نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی اور گہرے تعلقات ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے ملاقات کی جس میں سعودی سفیر نے وزیراعظم کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور خادم حرمین شریفین ،ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی عرب کے عوام کی جانب سے نیک خواہشات اور مبارکباد پیش کی۔
ملاقات میں نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے پاکستان کے معاشی استحکام اور ترقی کے لئے سعودی حکومت کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی اور گہرے تعلقات ہیں۔
انوار الحق کاکڑ نے خاص طور پر سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی بڑی تعداد کا ذکر کیا اور سعودی حکومت سے درخواست کی کہ انہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔
نگراں وزیراعظم نے سعودی قیادت کے وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کو اپنے قابل اعتماد شراکت دار کے طور پر شمار کر سکتا ہے۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل بالخصوص سعودی عرب سے غیر ملکی سرمایہ کاری کو تیز تر کرنے کی بنیاد رکھے گی۔
ملاقات میں نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اس بات پر زور دیا کہ حال ہی میں قائم کی گئی خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی ) پہلے کی طرح کام کرتی رہے گی اور بالخصوص سعودی عرب سے غیر ملکی سرمایہ کاری کو تیز تر کرنے کی بنیاد رکھے گی۔
ملاقات میں سعودی سفیر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ سعودی عرب اور پاکستان ایک برادرانہ رشتے میں بندھے ہوئے ہیں جس کی خصوصیت باہمی اعتماد اور افہام و تفہیم اور مشترکہ مفاد کے تمام دوطرفہ اور علاقائی امور پر قریبی تعاون ہے۔



















