پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے ٹوئٹ کی روشنی میں سپریم کورٹ سے فوری رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
پی ٹی آئی نے قومی و عدالتی سطح پر صدرِمملکت کے مؤقف کی بھرپور تائید و حمایت کا اعلان کیا ہے۔
ترجمان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ اہم ترین قانونی مسودہ جات کی توثیق کے عمل پر صدرِمملکت عارف علوی کا مؤقف ہرلحاظ سے غیرمعمولی اور سنجیدہ ترین اقدامات کا متقاضی ہے، صدرِمملکت نے اپنے ٹوئٹ کے ذریعے ریاستی و حکومتی ڈھانچے میں گہرائی تک سرایت کئے گئے مرض کی نشاندہی کی ہے۔
پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ پچھلے 16 ماہ کے دوران پاکستان میں آئین سے انحراف، قانون کی پامالی، جمہوریت سے فرار اور ریاست کو شخصیات کے تابع کرنے کی رسومِ بَد کو تقویت پہنچائی گئی، پارلیمان اور الیکشن کمیشن سمیت پوری ریاستی مشینری کو آئین کی تابعداری سے ہٹا کر غیرمرئی قوتوں کے اشاروں پر چلا دیا گیا، آئین کے اہم ترین حصوں پر عملدرآمد کو یکسر منسوخ کرکے ملک کو جنگل کے قانون کی گرفت میں دیکر میڈیا و عدالتوں کو نادیدہ قوتوں کے شکنجے میں جکڑ لیا گیا۔
ترجمان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ پنجاب و پختونخوا میں غیرقانونی نگران حکومتوں کی موجودگی اور دونوں صوبوں کے 17 کروڑ پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم کئے جانے میں بھی یہی سوچ کارفرما ہے، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی ایک متنازع عدالتی فیصلے کے ذریعے تیز ترین گرفتاری اور جماعت کو کچلنے کیلئے ہزاروں قائدین و کارکنان کےخلاف ننگی فسطائیت اسی سلسلۂ ناتمام کا حصہ ہے، مجرموں کو این آر او ٹو کے ذریعے دی جانے والی عام معافی اور نیب قانون میں ترمیم کے ذریعے نظامِ احتساب کی تباہی کے پیچھے بھی انہی ہاتھوں کے نشان ہیں۔
پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ صدرِمملکت کے فیصلوں کو ان کی منشاء و مرضی کے بغیر غیرمؤثر بنانے یا سازش و خفیہ تدبیروں کے ذریعے ان پر عملدرآمد روکنا ہر لحاظ سے شرمناک، غیرآئینی اور ناقابلِ قبول ہے، معاملے کو سپریم کورٹ کے سامنے رکھیں گے اور چیف جسٹس سے اس کی ہر پہلو سے تحقیقات کے ذریعے ذمہ داروں کے تعیّن اور محاسبے کی استدعا کریں گے۔
ترجمان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ امریکہ میں پاکستانی سفیر کے بھجوائے گئے خفیہ مراسلے (سائفر) کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرنے کیلئے عدالتی کمیشن قائم کرنے کے مطالبے کا بھی پرزور اعادہ کرتے ہیں، پوری قوم اور تحریک انصاف آئین و قانون کی بالادستی اور جمہوریت و حقوق کے تحفظ اور ریاستی و حکومتی نظم کو آلائشوں سے پاک کرنے کیلئے صدرِ مملکت کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔



















