Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نگراں وزیر بلدیات سندھ کا تمام سرکاری مراعات واپس دینے کا اعلان

نگران وزیر بلدیات، ہائوسنگ اینڈ ٹائون پلاننگ و بحالیات مبین جمانی نے تمام سرکاری مراعات واپس دینے کا اعلان کردیا۔

صوبائی وزیر نے سرکاری گاڑی، پیٹرول، تنخواہ سمیت تمام دیگر مراعات نہ لینے کا فیصلہ کیا جس کے بعد انہوں نے اپنی سرکاری گاڑی پہلے ہی روز متعلقہ ادارے کو واپس بھجوا دی ۔

نگراں صوبائی وزیر مبین جمانی کا کہنا ہے کہ ہماری کوشش ہوگی کہ صوبےمیں صاف و شفاف انتخابات کی ذمہ داری کوبخوبی پوراکریں ، میں نگران حکومت کے دوران کسی قسم کی کوئی سرکاری مراعات نہیں لوں گا۔

وزیر تجارت و صنعت ڈاکٹر گوہر اعجاز کا سرکاری مراعات لینے سے انکار

واضح رہے اس سے قبل نگران وزیر تجارت و صنعت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے بھی سرکاری مراعات لینے سے انکار کیا تھا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک بیان میں گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ نگراں وزیر برائے تجارت، صنعت، پیداوار اور ٹیکسٹائل کی حیثیت سے میں نے رضاکارانہ طور پر قوم کی خدمت کرنے کا پختہ عہد کیا ہے، میں پورے دور میں کوئی تنخواہ، معاوضہ، سرکاری سہولت یا مراعات قبول نہیں کروں گا۔

گوہر اعجاز نے کہا تھا کہ بہترین ممکنہ نتائج کو یقینی بنانے کے لیے میں ذاتی طور پر کسی بھی ایڈوائزری یا خدمت کے لیے اٹھنے والے اخراجات کو خود پورا کرنے کے لیے پرعزم ہوں۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ میرا مقصد بغیر کسی ذاتی مالی فائدے کے قوم کی ترقی اور ڈویلپمنٹ میں اپنا حصہ ڈالنا ہے۔

نگران وزیر تجارت و صنعت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے سرکاری مراعات کے علاوہ نجی شعبے سے لی جانے والی سروسز کے اخراجات بھی خود برداشت کرنے کا اعلان کیا ہے۔

متعلقہ خبریں