ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ کراچی میں تاجر برادری کو بجلی گیس سے متعلق تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کے ساتھ کراچی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کراچی میں تاجر برادری کے نمائندوں سے ملاقات کی۔
ملاقات میں تاجر برادری کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے حکومت کی کوششوں اور لگن کو اجاگر کیا۔
نگراں وفاقی وزیر تجارت و صنعت گوہر اعجاز کا مزید کہنا تھا کہ دورہ کے دوران نگراں وزیراعظم نے تاجر برادری کو ان کے تحفظات بشمول بجلی اور گیس جیسے مسائل سے نمٹنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
نگران وزیر تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز کا بزنس پارکس کے قیام کا اعلان
واضح رہے اس سے قبل نگران وزیر تجارت و صنعت ڈاکٹر گوہر اعجاز سے ممتاز ایکسپورٹرز اور تاجروں نے بھی ملاقات کی تھی جس میں انہوں نے ملک میں بزنس پارکس کے قیام کی اعلان کیا۔
ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا تھا کہ عالمی تجارتی رابطوں کو مستحکم کرنے کے لئے بڑے شہروں میں بزنس پارکس قائم کرنے کا پلان ہے، ملک کی برآمدات میں اضافے کے لئے سٹریٹجک نقطہ نظر اپنانے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ پارکس یا سہولت مراکز تجارتی تعلقات کو بڑھانے اور اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے کے لئے بنائے جائیں گے، پاکستان کی برآمدی صلاحیت کو بروئے کار لانے کے لیے ہر ممکن راستے تلاش کریں گے۔
گوہر اعجاز کا یہ بھی کہنا تھا کہ بزنس پارکس عالمی سطح پر پاکستان کی معاشی ترقی اور خوشحالی کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوں گے، بزنس پارکس کی قیام کے حوالے سے بزنس کمیونٹی سے تجاویز مانگی ہیں۔
نگران وزیر تجارت و صنعت گوہر اعجاز کا مزید کہنا تھا کہ مقامی کاروباری برادری کے زیر انتظام بائنگ ہاؤسز اور کرائے کی عمارتوں کا استعمال بھی زیر غور ہے، ان اقدامات کا مقصد ملکی اور غیر ملکی تاجروں کو سہولت فراہم کرنا ہے۔



















