ایم کیوایم پاکستان نے جلد سے جلد ملک میں صاف و شفاف انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد میں 12 سے 14 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے، اتنی لوڈشیڈنگ کے باوجود بل وہی آرہے ہیں جس کی وجہ سے تاجر احتجاج پر مجبور ہو رہے ہیں۔
خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں ہونے والا بجلی پر احتجاج کہیں فسادات میں نہ بدل جائے، تاجروں نے احتجاج کی کال دی ہے اگر حکومت نے حل نہ دیا تو احتجاج کا حصہ بننے پر مجبور ہوں گے۔
کنوینئر ایم کیو ایم نے کہا کہ کراچی میں بجلی بحران کی نشاندہی کی تھی، شہر کے صارفین کے لئے ساڑھے 3 روپے فی یونٹ سرچارج رکھا گیا ہے، یہ کے الیکٹرک کا نہیں واپڈا کا مسئلہ ہے۔
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے یہ بھی کہا کہ فوری ریلیف کے اقدامات کرنا حکومت وفد کی ذمہ داری ہے، ملک میں معاشی بحران ہے، ہم نے مذاکرات کا راستہ اختیار کیا ہے اور اب تک کررہے ہیں۔
ایم کیو ایم کے کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے جلد شفاف انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ہم فوری انتخابات کے خواہشمند ہیں لیکن ہم صاف و شفاف انتخابات چاہتے ہیں، الیکشن کمیشن کو غیر جانبدار بنائیں۔















