Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نگران وزیراعظم کی بجلی بلوں سے متعلق بیان کی وضاحت

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے بجلی کے بلوں کے معاملے پر ہونے والی ہڑتال سے متعلق اپنے بیان پر وضاحت کردی۔

تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہمیں اس طبقے سے ہمدردی ہے جس پر بجلی بلوں کا بہت بوجھ پڑا مگر ہم عجلت میں کوئی ایسا فیصلہ نہیں کرنا چاہتے جسے واپس لینا پڑے۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ بجلی بحران اور بلوں کے حوالے سے تشکیل دی جانے والی ٹیم طویل اور قلیل مدتی حل تجویز کرے گی جس کی روشنی میں اقدامات کریں گے۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے مزید کہا کہ دکانیں جلد بند کرنے کا فیصلہ صوبوں کو اعتماد میں لے کر کریں گے جس کا نفاذ جلد نظر آئے گا۔

نگران وزیراعظم کا 48 گھنٹوں میں بجلی بلوں میں ریلیف دینے کا اعلان

واضح رہے اس سے قبل نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے آئندہ 48 گھنٹوں میں بجلی بلوں پر ریلیف دینے کا اعلان کیا ہے۔

انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ آئندہ 48 گھنٹوں میں بجلی بلوں پر ریلیف کا اعلان کریں گے، تمام اداروں سے پوچھا ہے کتنی مفت بجلی استعمال کرتے ہیں۔بجلی بلوں کا مسئلہ ضرور ہے لیکن یہ امن و امان کا مسئلہ نہیں ہے، بجلی کے بلوں کے مسئلے کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جارہا ہے۔

نگراں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شام کو مہنگی ترین بجلی استعمال کرکے توانائی کا نقصان کیا جاتا ہے، ملک میں توانائی بچانے کا کوئی تصور ہی نہیں ہے۔

انوار الحق کاکڑ کا یہ بھی کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کو الیکشن لڑنا ہے یہ سمجھ میں بھی آتا ہے، قانون کے ساتھ کھڑے ہیں الیکشن تاریخ دینا الیکشن کمیشن کا فیصلہ ہے، الیکشن تاریخ پر سپریم کورٹ جو فیصلہ کرے گی اس کا احترام کریں گے۔

نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی اور حساس معاملات کو مدنظر رکھ کر نادرا قوانین میں ترمیم کی گئی، نادرا کا چیئرمین فوجی لگانے کی وجہ بھی یہی حساس معاملات ہیں، نادرا چیئرمین کے فرائض کے لیے اسپیشلائزڈ پروفیشنل کی ضرورت تھی۔

متعلقہ خبریں