Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

تعلیمی اداروں کے مسائل حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی، نگران وفاقی وزیر

نگران وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں کے مسائل حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

نگران وفاقی وزیر تعلیم مدد علی سندھی نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں اور جامعات کے مسائل حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق نگران وفاقی وزیر تعلیم مدد علی سندھی نے کراچی پریس کلب کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کہ ہائر ایجوکیشن میں کراچی پریس کلب کے ممبران کے بچوں کیلئے اسکالرشپ مختص کی جائیں گی۔

مدد علی سندھی نے یہ بھی کہا کہ اسلام آباد میں وزارت تعلیم کی جانب سے صحافیوں کے لیے ورکشاپ منعقد کی جائے گی جس میں کراچی پریس کلب کے ممبران کو خصوصی طور پر شرکت کی دعوت دی جائے گی،سیکرٹری کراچی پریس کلب اپنے اراکین کی فہرست فراہم کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ سمیت تمام صوبوں میں نوکری سے ریٹائرڈ عمررسیدہ صحافیوں کے لیے انڈومنٹ فنڈ مقرر کرنا چاہیے جو ان کے لئے بڑھاپے کا سہارا بنے۔

نگران وفاقی وزیر تعلیم مدد علی سندھی نے مزید کہا کہ میں نے بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس طلب کیا ہے، طلباء یونین کی بحالی کے لیے جامعات انتظامیہ اور صوبائی حکومتوں سے بات کروں گا۔

اس موقع پر کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی اور سیکرٹری شعیب احمد نے کہا کہ کراچی پریس کلب کو وفاقی حکومت اور اداروں کی طرف سے مثبت تعاون کی ضرورت ہے جس میں کلب کے ممبران کے بچوں کے لیے وفاقی تعلیمی اداروں میں  داخلوں کا کوٹہ اور اسکالرشپ مقرر کی جائے اور تعلیمی مسائل پر صحافیوں کے ساتھ تربیتی پروگرام منعقد کیے جائیں۔

کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی، سیکرٹری شعیب احمد اور اراکین گورننگ باڈی کے نے وفاقی وزیر تعلیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کو اجرک کا تحفہ بھی پیش کیا۔

اس موقع پر کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی، سیکرٹری شعیب احمد ،نائب صدر مشتاق سہیل، گورننگ باڈی کے ممبران شمس کیریو ،ذوالفقار راجپر، پریس کلب کے سابق صدر فاضل جمیلی،سابق خزانچی وحيد راجپر، قاضی آصف، عاجز جمالی،راؤ افنان ،نواب شاہ اور دیگر صحافی بھی موجود تھے۔

متعلقہ خبریں