نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سیالکوٹ موٹروے کے ساتھ گوجرانوالہ کو لنک کرنے کے لئے زیر تعمیر دو رویہ سڑک کے پراجیکٹ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے15.2کلومیٹر طویل دو رویہ سڑک کے پورے روٹ کا معائنہ کیا اور تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔
پراجیکٹ ڈائریکٹر کرنل عمران ارشد نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کو پراجیکٹ پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی۔
بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ کلورٹس،5جانوروں کی گزر گاہیں اور 5سب ویز بھی تعمیر کئے جارہے ہیں جبکہ منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لئے تمام وسائل برو ئے کار لائے جا رہے ہیں۔
بریفنگ دیتے ہوئے مزید کہا گیا کہ گوجرانوالہ رائٹ آف وے سے تمام سروسز کی منتقلی کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے،15.2 کلو میٹر طویل دو رویہ کا ر پٹیڈ سڑک مو ٹر وے کے لئے بہترین رسائی فراہم کرے گی، منصوبے کی تکمیل سے گوجرانوالہ کا لاہور کا سفر 45 منٹ رہ جائے گا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے اور اعلیٰ تعمیراتی معیار کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پراجیکٹ کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کیلئے اضافی وسائل بروئے کار لائے جائیں، منصوبے کی تکمیل سے وقت کے ساتھ ایندھن کی مد میں خاطر خواہ بچت ہوگی۔
محسن نقوی نے منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات دیں۔
لنگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے مزید کہا کہ لاہور سیالکوٹ موٹروے کو واہنڈو انٹرچینج سے بے نظیر چوک تک دو رویہ سڑک کے ذریعے گوجرانوالہ سے لنک کیا جائے گا۔
گوجرانوالہ چیف سیکرٹری،سیکرٹری تعمیر ات ومواصلات، کمشنر گوجرانوالہ، آرپی او،ڈپٹی کمشنر اور فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔



















