Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ملک میں امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے، نگران وزیر داخلہ

نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے کہا ہے کہ ملک میں امن وامان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

تفصیلات کے مطابق نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی کی زیر صدارت وزیر اعظم کی جانب سے دیئے گئے اہداف پر جائزہ اجلاس ہوا ہے۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے کہا کہ پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کی وطن واپسی کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کی جائے جبکہ پاک ایران سرحد پر تین مزید بارڈر کراسنگ کھولنے کے حوالے سے ایکشن پلان جلد از جلد مکمل کیا جائے۔

نگران وزیر داخلہ نے کہا کہ پولیس اور سیکیورٹی اداروں کی کارکرکردگی بہتر بنانے کیلئے ان کے دائرہ کار کا واضح تعین انتہائی ضروری ہے، سول آرمڈ فورسز کی بہتری کیلئے جدید ترین تربیت اور وسائل فراہم کریں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک میں امن وامان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے، کسی بھی فرد یا گروہ کی جانب سے تشدد پسندانہ سرگرمیوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

اجلاس میں نگران وزیر داخلہ کی جانب سے مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے غیر ملکیوں کی سکیورٹی کے ضابطہ اخلاق کو حتمی شکل دے کر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔

سرفراز احمد بگٹی نے کہا کہ غیر ملکیوں کو فول پروف سکیورٹی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے جبکہ کاروباری اور سرمایہ کاری کیلئے ویزا درخواست گزاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔

نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی کی ہدایت پر نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کیلئے آئندہ ہفتے اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔

اجلاس میں سیکرٹری انسداد منشیات  ڈویژن منیر اعظم ، سپیشل سیکرٹری داخلہ ندیم محبوب، ڈی جی اے این ایف میجر جنرل محمد انیق الرحمن ملک نے شرکت کی جبکہ اجلاس میں ڈی جی ایف آئی اے  محسن حسن بٹ ، نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا طاہر رائے اور دیگر اعلیٰ افسران بھی شریک ہوئے۔

متعلقہ خبریں