Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

زخیرہ اندوزوں اور اسمگلروں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی، وزیر داخلہ

نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ زخیرہ اندوزوں اور اسمگلروں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے ایک ہفتے سے ہمارا اسمگلنگ کے خلاف آپریشن چل رہا ہے اور ڈالرز کا کاروبار کرنے والے ہنڈی حوالہ کے خلاف بھی آپریشن چل رہا ہے، سب کے لیے واضح پیغام ہے کہ پاکستان اور پاکستانی شہری ہمارے لیے اہم ہیں، اس کو میری تنبیہہ سمجھیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب نے فیصلہ کر لیا ہے کہ اس برائی کے خلاف ہر حد تک جائیں گے، اب جب ان کے خلاف کاروائیاں ہوئیں ہیں تو انہوں نے چینی کی مصنوعی قلت پیدا کر دی ہے، ہم غیر قانونی چینی، ڈالرز اور غیر قانونی تارکین وطن اور ذخیرہ کرنے والوں کے لیے جلد انعامی رقوم کا اعلان کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں گے، زخیرہ اندوزی کرنے والوں کو جیلوں میں ڈالیں گے، چاہے ڈالرز ہوں یا چینی سخت کارروائی ہونے جا رہی ہے اور ہم جلد ٹول فری نمبر دیں گے جس پر عام افراد اطلاع دے سکیں گے، کوئی جتنی بڑی مچھلی ہو ہم اس کو معاف نہیں کریں گے۔

نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہم ماضی میں نہیں جانا چاہتے، ہم آج کی بات کر رہے ہیں، ہنی اور حوالہ کے حوالے سے ہم نے 48 چھاپے مارے اور 50 سے زاید گرفتاریاں ہو چکی ہیں، ہمارا ایک ایک انچ آزاد ہے۔

انہوں نے کہا کہ چترال کے لوگوں نے نہایت اچھی طرح دہشت گردوں کا مقابلہ کیا، ہم کسی کا ایجنڈا کسی کے کہنے پر نافذ نہیں ہونے دیں گے، پاکستان کی سرزمین مکمل آزاد ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے جتنے بھی آپریشن کیے ہم ہفتہ وار بنیادوں پر ان کی تفصیلات جاری کریں گے، پورے پاکستان میں حوالہ ہنڈی، ڈالرز اسمگلنگ، گندم اور چینی کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف آپریشن سختی سے کیے جائیں گے، حوالہ اوت ہنڈی، ڈالرز اسمگلنگ آپریشن میں فورسز کے بندوں کی خرد برد پر زیادہ سخت کارروائی کی جائے گی۔

نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا کہ میری فورس کا کوئی بندہ کسی معاملے میں ملوث ہو گا تو زیادہ سخت کارروائی کی جائے گی، ہم نے ہنًی و حوالہ پر 9 انکوائرئیاں شروع کر رکھی ہیں، کوئی بھی نہیں بچے گا۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کی نگران حکومت نے دوحہ معاہدہ کیا ہوا ہے، ہماری توقع ہے کہ وہ اپنی سرزمین ہمارے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے، کوئی بھی پاکستان کے خلاف سرگرمی کرے گا اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

 نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ ہمارے ڈیرہ بگٹی کے 6 بچے دہشت گردوں کے قبضہ میں ہیں، ان کی بازیابی کے لیے کل ہی آپریشن شروع کر دیا گیا تھا، بچوں کی بازیابی تک ہم آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔

 

 

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں