آرمی چیف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعلقات مضبوط اور برادرانہ ہیں جو ہمیشہ قائم رہیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر،نشانِ امتیاز (ملٹری) نے جمہوریہ ترکیہ کا دورہ کیا ، دورے کا مقصد دونوں برادر ممالک کے مابین فوجی اور دفاعی تعاون کو بڑھانا ہے۔
چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کا دورہ ترکی
مقصد برادر ممالک کے دفاعی تعاون کو بڑھانا ہے، آئی ایس پی آر
بول نیوز سے براہ راست: https://t.co/gSGL0jV9Bw#BOLNews #ArmyChief pic.twitter.com/PdLVbqDJNB— BOL Network (@BOLNETWORK) September 13, 2023
آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران آرمی چیف نے جمہوریہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان، وزرائے خارجہ اور دفاع، ترک جنرل اسٹاف کے کمانڈر اور ترکیہ کی بَری اور فضائی افواج کے کمانڈروں سے بھی ملاقات کی جس میں ترک رہنماؤں نے رواں سال فروری میں ترکیہ میں آنے والے زلزلے کے دوران پاکستانی آرمی انجینئرز کی پیشہ ورانہ خدمات کا اعتراف کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے ترک فوج کی کوششوں کو سراہا اور ترکیہ کی مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں کے معیار کی تعریف کی۔
آئی ایس پی آر کا یہ بھی کہنا ہے کہ دورے کے دوران آرمی چیف نے انقرہ میں ترکیہ کے عظیم رہنما مصطفیٰ کمال اتاترک کے مزار پر حاضری دی اور پھول رکھے۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعلقات مضبوط اور برادرانہ ہیں جو ہمیشہ قائم رہیں گے، پاک فوج ترکیہ کی افواج کو متعدد شعبوں میں مکمل تعاون فراہم کرنے کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔
جنرل سید عاصم منیر نے مزید کہا کہ پاکستان ہمیشہ اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ مصیبت اور خوشی کے لمحات میں کھڑا رہا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرتا رہے گا۔
واضح رہے کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی ترک لینڈ فورسز کے ہیڈ کوارٹرز آمد پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا جبکہ چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا جبکہ آرمی چیف کو وزیر دفاع اور کمانڈر ترک لینڈ فورسز نے دونوں ممالک کے مابین دفاعی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے ان کی پیشہ ورانہ خدمات کے اعتراف میں لیجن آف میرٹ سے نوازا۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















