امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ریلیف نہ ملنے تک مہنگائی کے خلاف احتجاجی تحریک جاری رکھیں گے۔
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے جلسہ عام سے خطاب میں کہا کہ اگر آپ کو مقروض پاکستان پسند ہے تو نوازشریف، زرداری اور چیئرمین پی ٹی آئی کوووٹ دیں، اگر کرپشن فری پاکستان چاہیے تو جماعت اسلامی کوووٹ دیں۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے غلاموں سے نجات کا وقت آگیا ہے، بجلی بلوں کیلئے غریب قرض لینے پر مجبور ہیں، ہر بل میں 16 اقسام کے فراڈ ٹیکس لیے جا رہے ہیں، ریلیف نہ ملنے تک مہنگائی، مہنگی بجلی کے خلاف احتجاجی تحریک جاری رکھیں گے۔
سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ معاشی بدحالی سے عوام اور تاجر ختم ہو رہے ہیں، حکومت کا کام لوٹ مار کرنے والوں کو پکڑنا ہوتا ہے، جب حکومت خود ڈاکو بن جائے تو ایسے حکمرانوں کے گریبانوں میں ہاتھ ڈالنے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں بڑے سیاسی لیڈروں نے قرضے معاف کروائے، نئے چیف جسٹس سے درخواست ہے قرضہ معاف کروانے والوں کے کیسز دوبارہ کھولے جائیں، 4 کھرب 30 ارب معاف کروانے والوں کے پیٹ چیر کر پیسے واپس لیے جائیں۔
سراج الحق کا یہ بھی کہنا تھا کہ نوجوان ووٹ کی طاقت سے جماعت اسلامی کا حصہ بن جائیں، 16 ماہ پی ڈی ایم نے اپنے کیسز کو کلین کروایا، یہ کسی فرد نہیں 24 کروڑ عوام کے پیسے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ ہم کسی کو بھی ملک میں ڈاکا مارنے کی اجازت نہیں دیں گے، ہم صاف اور شفاف احتساب چاہتے ہیں، ان کا اصل احتساب صرف عوام کرسکتے ہیں۔



















