Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پی اے ایف کی 58 ویں کمبیٹ کمانڈرز کورس کی گریجویشن تقریب

پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف)کی 58ویں کمبیٹ کمانڈرز کورس کی گریجویشن تقریب ایئر پاور سینٹر آف ایکسیلینس ( اے سی ای) میں منعقد ہوئی۔

ائیر مارشل عبدالمعید خان ، ڈپٹی چیف آف دی ائیر اسٹاف ائیر ڈیفنس تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق کورس سے فارغ التحصیل ہونے والے افسران سے خطاب کرتے ہوئے ائیر مارشل عبدالمعید خان نے اس اہم سنگ میل کی اہمیت اور ان کے کندھوں پر آنے والی نئی مستقبل کی ذمہ داریوں کا احاطہ کیا۔

انہوں نے اس امر پر روشنی ڈالی کہ کورس کے دوران ایئر پاور سینٹر آف ایکسیلینس میں انکی تربیت ایک ایسے ماحول میں ہوئی ہے جس میں عصرحاضر کے خطرات کی ایک حقیقت پسندانہ شبیہ پیش کی گئی۔

ڈپٹی چیف آف دی ائیر اسٹاف ائیر ڈیفنس نے کہا کہ بطور جنگی کمانڈر، آپ پاک فضائیہ میں ایک اعلیٰ درجے پر فائز ہو چکے ہیں۔ یہ کامیابی آپ کی غیر معمولی صلاحیتوں کی نشاندہی کرتی ہے اور یہ آپ کے کیریئر میں ایک انتہائی اہم سنگِ میل ہے۔آپ کو ایک غیرمتزلزل عزم کے ساتھ ان چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے تربیت دی گئی ہے۔

کمبیٹ کمانڈرز کورس سے فارغ التحصیل ہونے والے افسران کے اہم کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے ائیر مارشل عبدالمعید خان نے قومی سلامتی اور پاکستان کی فضائی حدود کے تحفظ میں انکے کردار پر زور دیا اور کہا کہ وہ اپنی تربیت اور مہارت سے استفادہ کریں تاکہ ان کے اختیار میں دیئے گئے جدید ترین آلات و ہتھیاروں کو مؤثر طریقے سے بروئےکار لایا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قوم آپ کو ملکی دفاع کے ایک ہراول دستے کے طور پر دیکھتی ہے، پس یہ بہت ضروری ہے کہ آپ چوکس، ماحول کے مطابق ڈھلنے اور کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں۔

ڈپٹی چیف آف دی ائیر اسٹاف ائیر ڈیفنس نے ادارے کے اساتذہ کی زبردست کاوشوں کو بھی سراہا اور اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ایئر پاور سینٹر آف ایکسیلینس میں شامل تمام درسگاہیں، پاک فضائیہ کی مستقبل کی جنگی قیادت کی تربیت کے لیے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہیں۔

 

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں