بین الاقوامی فضائی مشق برائٹ اسٹار 2023 پاک فضائیہ کی کامیاب شرکت کے بعد اختتام پذیر ہوگئی ہے۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق بحری، بری اور فضائی افواج پر مشتمل فضائی مشق برائٹ اسٹار 2023، مصر کی محمد نجیب ملٹری بیس پر منعقد ہوئی، جس میں پاکستان، امریکہ، برطانیہ، سعودی عرب، عمان، اردن، یونان اور قطر سمیت کل 30 ممالک نے شرکت کی۔
پاک فضائیہ کے ترجمان نے بتایا کہ برائٹ اسٹار مشق میں پاک فضائیہ کے دستے میں شامل جے ایف-17 تھنڈر لڑاکا طیاروں نے مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور کامیاب شرکت نے علاقائی اور بین الاقوامی تعاون کے پاک فضائیہ کے عزم کو تقویت بخشی کی۔
برائٹ اسٹار مشق نے متنوع اور چیلنجنگ ماحول میں پاک فضائیہ کی کارکردگی اور بھرپور صلاحیتوں کو اجاگر کیا، تاہم برائٹ اسٹار مشق 1977ء میں امریکہ اور مصر کے مابین دو طرفہ تربیتی پروگرام کے طور پر شروع ہوئی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ برائٹ اسٹار مشق ایک قابل ذکر بین الاقوامی مشق کی حیثیت سے جانی جاتی ہے۔ مشق سے بین الاقوامی افواج کے مابین باہمی کارروائیوں اور علاقائی ہائبرڈ خطرات کا مقابلہ کرنے کے لئے مشترکہ تربیت کو فروغ حاصل ہوا۔
اس کے علاوہ پاک فضائیہ نے اس اسٹریٹجک مشق کی اہمیت کے پیش نظر، علاقائی استحکام و بین الاقوامی تعاون کے لئے مشق میں بھرپور شرکت کی اور پاک فضائیہ کے ایئر و گراؤنڈ عملے کا مشق کے دوران غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
پاک فضائیہ کے ایئر و گراؤنڈ عملے نے مشق میں فخر پاکستان جے ایف-17 تھنڈر طیارے کی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ مشق میں سخت تربیت اور حقیقت پر مبنی فضائی جنگ کے منظرناموں کے تناظر میں پاک فضائیہ نے اپنی بھرپور آپریشنل تیاری اور عصر حاضر کے اسٹریٹجک چیلنجز سے نمٹنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق مشق میں پاک فضائیہ نے شمولیت عالمی امن اور سلامتی کے حوالے سے اسکے پختہ عزم کا منہ بولتا ثبوت دیا، پاک فضائیہ کی مشق میں شمولیت اپنی شاندار روایات کو برقرار رکھتے ہوئے عالمی برادری سے اپنی مضبوط شراکت داری کو پروان چڑھانے کے عہد کا ثبوت دیا۔
پاک فضائیہ نے عصرحاضر کے ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اپنی صلاحیتوں میں مزید نکھار لانے کا عزم کیا اور مستقبل کے سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر اتحادی ممالک کی فضائی افواج کے ساتھ باہمی تعاون کے فروغ کے لئے بھی عزم کا اظہار کیا۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں















