Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نگران حکومت بجلی چوری مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، محمد علی

نگران وفاقی وزیر برائے توانائی محمد علی نے کہا ہے کہ نگران حکومت ملک میں بجلی چوری مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نگران وفاقی وزیر برائے توانائی، بجلی اور پٹرولیم محمد علی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آئیسکو نے سخت ہدایات کے ساتھ تمام حلقوں میں بجلی چوروں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ضلعی سطح پر تمام متعلقہ محکموں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ بجلی چوروں کے خلاف کارروائیوں کا عمل تیزی سے کیا جائے۔

محمد علی نے یہ بھی کہا کہ متعلقہ محکموں کے تعاون سے بجلی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔

نگران وفاقی وزیر برائے توانائی کا کہنا تھا کہ نگران حکومت ملک میں بجلی چوری مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور بجلی چوروں سے ملی بھگت کے مجرم ثابت ہونے والے کسی بھی شخص کو معاف نہیں کرے گی۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت نے بجلی سے متعلق محکموں کے انتظام کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کی ہے، ہم ان کے بورڈ آف گورنرز کو دیکھ رہے ہیں اور انتظامیہ میں تبدیلیاں کریں گے۔

نگران وفاقی وزیر برائے توانائی، بجلی اور پٹرولیم محمد علی نے پاور سیکٹر میں ترجیحی بنیادوں پر اصلاحات لانے اور توانائی کے شعبے میں اصلاحات کی اہمیت کو اجاگر کرنے پر بھی زور دیا کہ ملک کی اقتصادی ترقی کے لیے توانائی کے شعبے میں اصلاحات بہت ضروری ہیں۔

متعلقہ خبریں