مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ہم اپنی نسلوں کے بہتر مستقبل کیلئے جنگ کا اعلان کر چکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفیٰ کمال نے شاہ فیصل میں جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی حیدرآباد کے عوام بلدیاتی انتخابات میں ہمارے بائیکاٹ کی وجہ دی ووٹ دینے نہیں نکلے۔
سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ جماعت اسلامی سمیت سب نے اس شہر کے ساتھ دھوکہ کیا، اگر جماعت اسلامی یا پی ٹی آئی نے شہر کیلئے کچھ کیا ہوتا تو لوگ ایم کیو ایم کو بھول جاتے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم نے بھی ماضی میں غلطیاں کی ہیں لیکن دوسری جماعتوں سے بہت کم ہیں، ہم مڈل کلاس طبقے کے تعلیم یافتہ قابل نوجوانوں کو ایوان میں بھیجنے والی واحد سیاسی جماعت ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنی نسلوں کے بہتر مستقبل کیلئے جنگ کا اعلان کر چکے ہیں اور یہ جنگ ہم جیتنے کیلئے لڑیں گے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفیٰ کمال کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں کچھ بھی بُرا ہوتا ہے اُس کا الزام ایم کیو ایم کے کارکن پر لگا دیا جاتا ہے، آج کی ایم کیو ایم اپنے کارکن کے خلاف ظالم کے ہاتھ روکنے کی ہمت رکھتی ہے۔



















